کچھ سیاست دان بلاناغہ جھوٹ بولتے ہیں، ترقی کا راستہ نہ روکو: وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

نارووال (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم قومی صحت پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نارووال نیک اور عظیم مقصد کیلئے آیا ہوں کیونکہ مخلوق کی خدمت کر کے بے حد خوشی ملتی ہے۔

نارووال میں ایک لاکھ 60 ہزار خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دئیے جا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا غریب مریضوں کے پاس اسپتال جانے کے پیسے بھی نہیں ہوتے۔ غریب نہ جانے کس طرح گزارہ کرتے ہیں۔ لوگوں نے علاج کی خاطر اپنی جائیدادیں بیچ ڈالیں۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا معاشرے میں ناانصافیاں اور ناہمواریاں ہیں جنہیں دور کرنا ذمہ داری ہے۔ دکھوں کا مداوا اور اندھیروں کو روشنی سے شکست دیں گے جبکہ قومی صحت پروگرام کو پورے پاکستان میں بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا تمام پاکستانیوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہیئے۔

علاج کے لیے حکومت 3 لاکھ روپے کے اخراجات خود برداشت کرے گی۔ قومی صحت پروگرام 23 اضلاع میں شروع ہو چکا ہے۔ قومی صحت پروگرام جو علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے ان تک پہنچے گا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے اور 2018 میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے مخالفین کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کچھ سیاست دان روز جھوٹ بولتے ہیں۔ گوشت کا منگل اور بدھ کا ناغہ ہوتا ہے لیکن جھوٹ بولنے والوں کا نہیں ہوتا۔ کہتے ہیں سیاست میں ایسے جھوٹ بولے جاتے جس کا وجود ہی نہیں ترقی کا راستہ مت روکو۔

آپ ہمارا ہاتھ نہیں بٹا سکتے تو راستہ بھی نہ روکیں کیونکہ جھوٹ سُن سُن کے لوگوں کے بھی کان پک گئے ہیں۔ ایسی سیاست پاکستان کے لیے بڑی خطرناک ہے جہاں روز کوئی نہ کوئی شوشا چھوڑا جاتا ہے۔