دال میں کالا

Democracy in Pakistan

Democracy in Pakistan

تحریر : ایم سرور صدیقی
صدیوں پہلے عظیم فلاسفر افلاطون نے کہا تھا سیاست سے کنارہ کشی کا مطلب ہے تم پر کمتر لوگ حکومت کریں اس کا کہا سچ ثابت ہوا آج اقتدار میں کمتر ہی نہیں کمینے لوگ بھی آگئے ہیں جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو یرغمال بنا لیا ہے ان کو ملک، قوم، آئین، قانون، جائز ناجائز سے کوئی غرض نہیں فقط اپنا فائدہ عزیز ہے اور اس فائدے کیلئے کسی بھی حد سے گذر جانے کو تیار ہیں۔

غور کریں تو یہی لوگ وطن ِ عزیز میں مسائل ہی نہیں فساد کی جڑ ہیں شنیدہ ے علامہ اقبال ایک پیر صاحب کے مہمان تھے خاصے عقیدت مند اردگرد جمع تھے ۔۔۔ جو ایک ایک کرکے پیرصاحب کے پاس آتے ان کے ہاتھوں کو بوسہ دیتے اپنا مسئلہ بیان کرتے پیرصاحب کی دعا لیتے رخصت ہوجاتے کئی کچھ نذر نیاز بھی پیش کرتے کافی دیر تک یہ سلسلہ چلتارہا اکثر عقیدت مندوں کی حالت ان کے کپڑوں اور ظاہری صورت ِحال سے عیاں تھی علامہ اقبال بڑی دلچسپی سے یہ سب کچھ دیکھ رہے تھے اسی اثناء میں ایک شخص اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ د عاکے لئے پیرصاحب کے پاس آیا جھک کر عقیدت سے ان کے پائوں کو چھوا۔ہاتھوں کو بوسہ دیکر100روپیہ نذر کیا پھر وہ اور اس کی بیوی دونوں رونے لگ گئے پیر صاحب نے بڑے پیارسے دونوںکے سرپرہاتھ پھیرا مسئلہ پوچھا وہ شخص روتے ہوتے کہنے لگا پیر صاحب دعا کریں ہمارا 5000 کا قرض اتر جائے لینے والے نے بہت ذلیل کیا ہوا ہے۔۔

Allama Iqbal

Allama Iqbal

علامہ اقبال سے نہ رہا گیا انہوں نے کہا پیر صاحب دعا پانچ ہزار ایک سو کے لئے کریں یہ غریب آپ کے در پر حاضری کیلئے 100 روپیہ بھی قرض لے کر ہی آئے ہوں گے۔

ہم کو میسر نہیں مٹی کا دیا بھی
ہے پیر ِ مغاں کا گھر قمقموں سے روشن

علامہ اقبال کا یہ شعر ایسی صورِت حال کی عکاسی کرتاہے آج کے حالات دیکھیں تو لگتاہے موجودہ جمہوری حکومت اسی شعرکو نافذکرنے پر تلی ہوئی ہے اربوں ڈالرکے قرضے لینے کے باوجود اگر پھر بھی پاکستان دیوالیہ ہونے کو ہے تو حکمرانوںکو ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچنا چاہیے غلطیاں کہاں ۔ کیسے اورکیوں ہورہی ہیں؟ پہلے پہل تو محض احساس تھا اب تویقین ہوچلاہے کہ حکمران سوچتے ہی نہیں ہیں آج قومی اثاثے فروخت کرنے کی بات بڑی شد و مدسے کی جا رہی ہے اس کے حق میں رات کو دن ،،اور دن کو رات ثابت کرنے والوں نے دلیلوں کے انبار لگادئیے ہیں کہ ایسے لوگ ہمیشہ مزے میں رہتے ہیں جن کا مسلک ہے ہو چلو ادھرجدھرکی ہوا چلے۔۔ ۔کوئی پوچھنے کی جسارت کر سکتا ہے کہ حضور دنیا میں تیل کی قیمتیں مسلسل کم ہوکرتاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر چکی ہیں۔

آپ نے عوام کو کوئی ریلیف دینے کی بجائے حج اور عمرے کے اخراجات میں ہزاروں کا اضافہ کردیا یار کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیاء ہوتی ہے۔۔۔جو پاکستانی بچے ابھی دنیا میں نہیں آئے اپنی پیدائش سے پہلے ہی ایک لاکھ پچیس ہزار کے مقروض ہیں پھر بھی ملک دیوالیہ ہونے کی باتیں۔۔ہمارے پیارے وزیر ِ خزانہ نے ایسا کمال کردکھایا پوری دنیا میں ان کی واہ ۔۔واہ ہورہی ہے انہوںنے دنیا کی تاریخ کا منفرد قرضہ لے کرتاریخ میں اپنے آپ کو” امر”کر لیا ہے جتناقرضہ لیا گیا 4سال بعد اصل رقم سے زیادہ واپس کرنے کا معائدہ ۔۔یا باری تعالیٰ تو توقادر ِ مطلق ہے تو تو دلوں کے بھید بھی جانتاہے تو ہی بتا پہ پاکستان کے ساتھ ہو کیا رہا ہے۔

حاتم طائی کی قبرپر لات مارنے والے وزیر ِ خزانہ نے آج تک وضاحت نہیں کہ ان کڑی شرائط پر یہ قرض لینے کی ضرورت کیا تھی اور اتنی بڑی رقم کا کیا ہوا؟ کون سے منصوبے پر صرف ہوئی؟۔۔۔ہاں یاد آیا میاں نواز شریف کو تیسری بار وزیرِ اعظم بننے کے فوراً بعد برادر ملک سعودی عرب نے کروڑں ریال تحفے میں دئیے جس سے نہ صرف حکومت کو اقتصادی سنبھالا ملا بلکہ امریکن ڈالر کے مقابلہ پاکستانی کرنسی کو استحکام نصیب ہوا یہ بھی آج تک پتہ نہیں چل سکا کہ اتنی خطیررقم پاکستان کو کیونکردی گئی؟ اور اس سرمائے سے کون سے منصوبے پایہ ٔ تکمیل تک پہچائے گئے۔

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

عوام کی حاکمیت جمہوریت کا اصل حسن ہے یہ احساس خوشگوارہے کہ اب پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں لیکن جب تک جمہوریت اشرافیہ کی لونڈی بنی رہے گی ملک میں جمہوریت رہے یا ڈکٹیٹر آئیں کیا فرق پڑتاہے حکمرانوںکی کوشش ہونی چاہیے کہ جمہوریت کے ثمرات سے عوام تک پہنچیں۔۔۔مہنگائی ،بیروزگاری،کرپشن کا خاتمہ ، امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے صحت ،تغلیم اور بنیادی حقوق سب کیلئے یکساں ہوں تو ایک روشن مستقبل کی بنیادررکھی جا سکتی ہے مگر کتنے افسوس کی بات ہے کہ ہر پاکستانی حکومت کا دامن ان ترجیحات سے خالی ہے اس کے اللے تللے ہی ختم نہیں ہوتے۔

پوری دنیا میں شاید سب سے زیادہ پروٹوکول ہمارے حکمرانوںکاہے جس کی وجہ سے سرکاری اہلکار اپنی اصل ڈیوٹی دینے کی بجائے حکومت میں شامل اشرافیہ کے” بیگارکیمپوں”میں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔۔ ابھی حال میں پنجاب اسمبلی میں ارکان ِ اسمبلی کی تنخواہ اورمراعات دگنی کرنے کا بل پیش کیا گیا مزے کی بات یہ ہے کہ کسی نے اس بل کی مخالفت نہیں کی اسے کہتے ہیں میٹھا میٹھا ہپ کڑوا کڑوا تھو۔۔۔ کسی نے درست ہی کہا ہے جمہوریت سیاسی پارٹیوں کے مک مکا کا نام ہے ۔صدیوں پہلے عظیم فلاسفر افلاطون نے کہا تھا سیاست سے کنارہ کشی کا مطلب ہے تم پرکمترلوگ حکومت کریں اس کا کہا سچ ثابت ہوا اب اقتدار میں کمتر ہی نہیں کمینے لوگ بھی آگئے ہیں۔۔۔ آج سرکاری اداروںکی نجکاری کیلئے حکمران بڑا زور دے رہے ہیں۔

پی آئی اے ،سٹیل ملزسمیت کئی قومی ادارے بیچنے کی تیاریاں زوروں پرہیں ماضی میں بھی کئی منافع بخش ادارے اونے پونے فروخت کئے جا چکے ہیںPIAکو حکمران اس لئے بیچنا چاہتے ہیں کہ یہ خسارے میں جارہی ہے یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ ہر ملک کی اپنی ایک ایئر لائنزہوتی ہے جو اس دنیا بھر میں اس ملک کی شناخت کا سبب بنتی ہے حکمران اس شناخت کی نجکاری کررہے ہیں جبکہ میٹرو بس کو سالانہ اربوں روپے سبسٹڈی دی جارہی ہے اور مالٹا ٹرین پراخراجات کا تخمینہ300ارب لگایا جارہاہے پھر اس کو چلانے کے لئے بھی سالانہ اربوں روپے سب سٹڈی دی جائے گی یہ بھی تو خسارے کا سودا ہے۔

صاف ظاہر ہے یہ منصوبے بھی قومی خزانے پر سفید ہاتھی ثابت ہوں گے صرف40ارب سالانہ سبسٹڈی کی خاطر قومی ائیرلائنزکو بیچنے کی منطق سمجھ سے با لاہے۔ چلو بالفرض حکومتPIA،سٹیل ملز،ریلوے اورایسے کئی ادارے بیچ دے تو سوچنا پڑے گا کبھی یہ ادارے خسارے میں نہیں تھے انتہائی منافع بخش تھے ان کو بہترمنصوبہ بندی سے اب بھی منافع بخش بنایا جا سکتاہے دوسرا قومی ادارے عوام کو بہترسہولیات کی غرض سے چلائے جاتے ہیں حکومتوںکا مقصد کاروبارکرنا ہوتاہی نہیں۔۔قومی اثاثے بیچنا کوئی اچھی بات نہیں حکمرانوںکو سوچنا چاہیے ہم آنے والی نسلوں کو کیا دے کر جارہے ہیں؟ ماضی کے حکمرانوںنےPTCL،پاکستان ریلوے،سٹیل ملز،PIA جیسے درجنوں قومی ادارے قائم کئے ہم انہیں بہتر بنانے کیلئے کیونکر بیچنے پرتلے ہوئے ہیں قومی اثاثوں کو ہر قیمت پر بیچنے کی خواہش کا مطلب یہ بھی ہے کہ معاملہ کچھ اورہے یا دال میں کالا کالا ضرورہے یہ بھی ہو سکتاہے دال ہی ساری کالی ہو۔

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر : ایم سرور صدیقی