پول کام ریجنل پولیس ملتان کا قیام

Police

Police

تحریر : رانا اعجاز حسین
ہر طرح کی لاقانونیت، ظلم و جبر، چوری و ڈکیتی، جانی ومالی نقصان کا شکار ہونے کے بعد انسان کو کسی مسیحا ، کسی خیر خواہ، کسی نجات دھندہ کی تلاش ہوتی ہے ۔ اس بحرانی کیفیت میں انسان ایک امید لے کر محکمہ پرلیس سے رجوع کرتا ہے تاکہ اس کے نقصان کا ازالہ ہو اور اسے انصاف مل سکے ۔ مگر جب وہ پولیس حکام کاجابرانہ رویہ ، پولیس اسٹیشن کا مخلوط ماحول اور وہاں سائلین کے بیٹھنے کے لئے سہولیات جائزہ لیتا ہے تو اس کی پریشانی میں کمی کی بجائے مذید اضافہ ہوجاتا ہے۔

عوام کی ان ہی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ملتان طارق مسعود یٰسین نے روایتی پولیس نظام میں حقیقی تبدیلی کا بیڑہ اٹھایا اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحتیں بروئے کار لاکرجابرانہ پولیس کلچر کے خاتمے اور پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بنیاد رکھی ہے۔ اس سلسلے میں ریجنل پولیس ہیڈ کورٹر ملتان کینٹ میں جنوبی پنجاب کا پہلا پول کام ریجنل پولیس آفس تعمیرکیا گیا ہے جوکہ دور جدید کے عین مطابق جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے۔ اس آفس سے پورے ملتان ریجن کے تمام پولیس اسٹیشنز کو بزریعہ سی سی ٹی وی لنک کیا گیا ہے ، یہاں سے پولیس اسٹیشنز میں درج ہونے والی ایف آئی آر ، ان کی تفتیش، مقدمات کی پیش رفت ، ریکارڈ اور پولیس اسٹیشنز کے ماحول کو مانیٹر کیا جاسکے گا۔

Criminals

Criminals

اس آفس میں گرفتار ملزمان اور جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا بھی موجود ہے۔ جبکہ یہاں نصب سکرین پر پولیس کے زیر استعمال گاڑیوں کی لوکیشن اور تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔ اس جدید پول کام ریجنل آفس میں حصول انصاف کے لئے آنے والے سائلیں کے لئے روایتی لکڑی کے بنچوں کی بجائے لگژری صوفے رکھے گئے ہیں ۔ اور سائلین کے لئے ائر کنڈیشنڈ، ایل ای ڈی اور صاف وٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس آفس میں خواتین کے لئے خواتین سٹاف پر مشتمل علیحدہ حصہ موجود ہے جہاں خواتین اپنے مسائل کے حل کے لئے استفادہ کرسکیں گی۔ اس جدید ترین پول کام آفس کے میڈیا روم میں ہر وقت نیوز چینلز اور سوشل میڈیا کو مانیٹر کیا جاتا ہے اور ملتان پولیس سے متعلق نیوز سے ریجنل پولیس آفیسر ملتان کو باخبر رکھا جاتا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جاسکے۔

جدید ترین خطوط پر استوار اس آفس کا وزٹ کرنے کے بعد یہ محسوس ہوتا ہے کہ پولیس نظام میں حقیقی تبدیلی رونماء ہوئی ہے ۔ ریجنل پولیس آفیسر ملتان طارق مسعود یٰسین انسانیت سے محبت رکھنے والے انتہائی شفیق شخص ہیں اپنی بصیرت سے مفلوک الحال لوگوں کی بے بسی کو نہ صرف محسوس کرتے ہیں بلکہ انسانیت کی فلاح کے لئے ہمہ وقت کاوشوں میں مصروف نظر آتے ہیں، اس آفس کا قیام ان کا ذاتی آئیڈیا تھاجسے انہوں نے پایہ تکمیل تک پہنچایا ۔ ان کی ملتان میں تعیناتی بہت کم عرصہ کے لئے ہوئی مگر اس کم ترین عرصہ میں انہوں نے ملتان کی عوام کے لئے اتنا کچھ کردیا ہے کہ بیان کرنے کے لئے الفاظ کم ہیں ۔ ان کے آفس کا دروازہ عوام و خواص سب کے لئے کھلا رہتا ہے، ملنسار طبیعت کے باعث ان سے ملنے والوں کا تانتا بندھا نظرآتا ہے، جبکہ عام سائل بھی بغیر کسی جھجک کے ان سے مل سکتا ہے۔

Police Station

Police Station

انہوں نے ذاتی دلچسپی لے کرکم ترین عرصہ میں ریجنل پولیس ہیڈکوارٹر ملتان کی خستہ حال عمارت کوازسر نو تعمیر کروا کر عوام کو پول کام ریجنل پولیس آفس کی سہولت کا تحفہ دیا ہے، یہ اس نوعیت کا پنجاب بھر میں پہلاآفس ہے ، باقی کسی ریجن میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی، اس کی تعمیر و تزئین کی نگرانی بے پناہ مصروفیت کے باوجود آر پی او ملتان خود کرتے رہے ہیں ، حتیٰ کہ انہوں نے اپنی رہائش کی میٹینس کے لئے ملنے والا فنڈ بھی ٹرانسفر کرواکر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے قائم اس آفس پر لگوادیا ہے ۔ آر پی او ملتان کے ریجن بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو واضع احکامات ہیں کہ اپنے علاقوں کی حدود میں جرائم کی بیخ کنی کے لئے تمام تر کاوشیں برؤے کا ر لائیں اور جرائم پیشہ افراد کے حلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کا سیاسی دباؤ اور شفارش قبول نہ کی جائے ، غیر جانبدارانہ تفتیش کرتے ہوئے تفتیش کے ضابطے پورے کئے جائیں۔

ایف آئی آر فوری درج کی جائے اور جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف مقدمات قائم کئے جائیں ،پولیس اسٹیشنز آنے والوں کے ساتھ اچھا رویہ برتا جائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنے والوں کے لئے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں ، ایسی شکایت پر فوری کاروائی کی جائے گی۔ اگر ان لائق تحسین احکامات پر عمل درآمد ہوجائے تو نہ صرف جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی ہوگی بلکہ جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوگی ۔ پول کام ریجنل پولیس آفس ملتان کی جدید ترین سہولت سے ملتان ریجن کی عوام کو بھر پور فائدہ پہنچے گا اور مانیٹرنگ نظام کے باعث پولیس اسٹیشنز کا ماحول بہتر ہوگا۔

Rana Ijaz Hussain

Rana Ijaz Hussain

تحریر : رانا اعجاز حسین
ای میل:ra03009230033@gmail.com
رابطہ نمبر:03009230033