غریب اور نادار مستحق دیہی خواتین میں 370 بھیڑ بکریاں تقسیم

Sheep Distribution

Sheep Distribution

شیخوپورہ (حامد قاضی سے) وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق غریب اور نادار مستحق دیہی خواتین میں370 بھیڑ بکریاں تحصیل شیخوپورہ اور تحصیل مریدکے میں تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر ایم پی اے سجاد حید ر گجر ، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک عاشق حسین ڈوگر ،ڈی سی او ارقم طارق ،ای ڈی او زراعت مشکور احمد ،ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق محمود،ڈی او زراعت چوہدری منیر احمد ،ڈی ڈی او ایچ آر ایم خرم شہزاد بھٹی و دیگر خواتین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔تقریب میں ایم پی اے سجاد حید ر گجرنے قرعہ اندازی کے ذریعے مستحق خواتین میں بھیڑ بکریاں تقسیم کیں۔

تقریب کیٹل منڈی شیخوپورہ میں منعقد ہوئی۔ عاشق حسین ڈوگرنے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر کے 13اضلاع میں 400بڑے جانور اور 520چھوٹے جانور غریب مستحق خواتین میں تقسیم کئے جا ئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ غربت کے خاتمہ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا احسن اقدام ہے۔

ڈی سی او ارقم طارق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع بھر میں نادار مستحق غریب خواتین کو بکریاں /بھڑیں مفت تقسیم کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان کی بہتر کفالت کر سکیں اور معاشرے میں پر وقار زندگی گزار سکیں۔

ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق محمود نے اس موقع پر کہا کہ غریب خواتین جن کی ایک ایکڑ زمین اور بچہ یا بچی سکول میں تعلیم حاصل کر رہا ہو ان کو وزیراعلیٰ کی طرف سے بھیڑ بکریاں دی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنے گھر کا چولہا جلا سکیں۔تقسیم کی جانے والی بھیڑ بکریاںتین سال تک فروخت نہیں کر سکیں گی۔اس دوران اگر کسی کی بھی بھیڑ بکری بیمار ہو جائے تو اس کو مفت ویکسی نیشن کی جائے گی۔