اختیارات کی مرکزیت کے تحت قائم جمہوریت عوام دشمن ہے ‘ ایم آر پی

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یہ بات من اظہر الشمس ہے کہ جمہوریت کے نام پر اقتدار پانے والوں کے آمرانہ اقدامات کے باعث اکثریتی آبادی غربت کی سطح سے نیچے سسکتی ہوئی غیر انسانی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

مگر حکمران طبقات عوام کیلئے بہتر ماحول فراہم کرنے کی بجائے ذاتی و سیاسی فوائد کے حصول اور ذاتی خواہشات کی تکمیل کیلئے عوام دشمن شرائط پر مالیاتی اداروں سے مسلسل قرض لیکر قوم کو آئندہ کئے نسلوں تک کیلئے گروی رکھ چکے ہیں۔

قومی عوامی وسائل پر قابض پالیسی ساز نجکاری واثاثے بیچ کر قرض چکانے کے اعلان کے ذریعے قوم پر آخری وار کی تیاری کررہے ہیں جو موجودہ جمہوری نظام کی عوام دشمنی کا واضح ثبوت ہے ۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ اس تمام خرابی کی وجہ اختیارات کی وہ مرکزیت ہے جو جمہوریت کے نام پر استحصالی طبقات نے قائم کی ہوئی ہے۔

اس مرکزیت کو توڑے بناءنہ تو جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچ سکتے ہیں نہ ہی ملک وقوم کو مسائل و مصائب سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے جبکہ با اختیار ڈویژنل کونسلوں کے ذریعے اختیارات کی مرکزیت کے خاتمے اور اختیارو اقتدار میں عوام کی شراکت کی فراہمی کے ذریعے نظام کو ملک و قوم کا محافظ بنانے کا فارمولہ ایم آر پی پیش کرچکی ہے جس پر عملدرآمد پاکستان سے بحرانوں واستحصال کے خاتمے اور عوام کی مسائل ومصائب سے نجات کے ساتھ ملک وقوم کے محفوظ مستقبل کا ضامن بھی ہے۔