استعماری طاقتیں پاکستان میں امن و خوشحالی آتا نہیں دیکھ سکتیں، دردانہ صدیقی

Karachi

Karachi

کراچی : جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کراچی کے علاقے صفورہ چورنگی کے قریب اسماعیلی برادری کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعماری طاقتیں پاکستان میں امن و خوشحالی آتا نہیں دیکھ سکتیں، اسماعیلی برادری ایک پرامن کمیونٹی ہے جس کا پاکستانی معیشت کی ترقی میں حصہ موجود ہے۔

دہشت گردی کرنے والے کسی مذہب سے منسلک نہیں کیے جاسکتے، یہ انسانیت کے دشمن ہیں’واقعے کے پیچھے بیرونی ہاتھ خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کی ذمہ داری حکومت وقت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہے، دہشت گردی کا بھیانک واقعہ حکومت اور سیکورٹی ایجنسیز کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث دین و وطن دشمن عناصر کو گرفتار کرکے عبرتناک سزائیں دی جائیں۔دردانہ صدیقی نے جاں بحق ہونے والوں جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔