پیپلز پارٹی نے کمیشن کی سربراہی کیلئے سرمد جلال کا نام مسترد کر دیا

Qamar Zaman Kaira, Shah Mehmood Qureshi

Qamar Zaman Kaira, Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے پاناما لیکس انکوائری کمیشن کی سربراہی کیلئے جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی کا نام مسترد کر دیا ہے۔ قمر زمان کائرہ کہتے ہیں حکومت کی نیت ٹھیک نہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جسٹس صاحب کا بڑا مقام ہے، انہیں ذمہ داری قبول نہیں کرنی چاہیئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جوڈیشل کمیشن بارے نیت ٹھیک نہیں ، ایسے اقدامات سے حکومت حالات خراب کرنا چاہتی ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مرضی کا کمیشن بنانا چاہتی ہے اگر ایسا کیا گیا تو ہر فورم پر احتجاج کیا جائے گا۔

اگر حکومت چیف جسٹس کو کمیشن کے قیام کیلئے خط لکھے تو وہ انکار نہیں کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ پاناما لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کا قیام عمل میں لانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ سرمد جلال عثمانی کی اہلیہ کی مسلم لیگ ن سے وابستگی تھی اس لئے ان کی تعیناتی پر تحفظات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی جانب سے پیش کی گئی پارلیمانی پارٹی کی تجویز کو بھی قبول کیا جا سکتا ہے۔