پیپلز پارٹی یورپ سیکرٹریٹ میں سانحہ لاہور کی یاد میں تعزیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا

Lahore Tragedy-Condolence Programs

Lahore Tragedy-Condolence Programs

پیرس (پی پی پی فرانس) پیپلز پارٹی یورپ سیکرٹریٹ میں سانحہ لاہور کی یاد میں تعزیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، پیپلز پارٹی یورپ کے کوارڈینیٹر کامران یوسف گھمن نے اجلاس کی صدارت کی، تعزیتی اجلاس میں شہداء لاہور کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں جبکہ شہداء کی بلندیِ درجات کے لئےْ قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا، حاجی محمد زبیر نے خصوصی دعا بھی کروائی، کامران یوسف گھمن کا کہنا تھا کہ شہداء لاہور کا خون رائیگاں نہیں جائے گااور پاکستان کے دشمنوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ سمیت پوری دنیا میں بیٹھے پاکستانی اپنے ملک میں دہشت گردی کے واقعہ سے سخت تکلیف کا شکار ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دشمنان پاکستان کو جلد از جلد گرفتار کریں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی طفل تسلیاں ہم ماننے کو تیار نہیں ، کامران یوسف گھمن نے کہا کہ بھٹو خاندان نے پاکستان میں جو قربانیاں دیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اور اس دکھ اور درد کی گھڑی میں بلاول بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کا ہر کارکن افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو کر اپنے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین پر حملہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں اور ایسے ظالمان کی جڑوں کو ختم کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یورپ سیکرٹریٹ کے تعزیتی ریفرنس میں شرکاء کا عزم ظاہر کرتا ہے کہ وہ ملک سے ہزاروں میل دور رہ کر بھی اپنا دل پاکستان میں دھڑکتا محسوس کرتے ہیں، اس موقع پر محمد زبیر، عدنان علی، حاجی صاحب سرکار، گجر بھائی، رانا اعجاز اورمبشر پنڈی وال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔