پیپلز پارٹی کے رہنما راجا ریاض کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ

Raja Riaz

Raja Riaz

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا ریاض نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجا ریاض نے پارٹی قیادت سے اختلافات اور فیصلوں سے نالاں ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ راجا ریاض کی عمران خان سے ملاقات میں تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور راجا ریاض 20 مئی کو فیصل آباد کے جلسے میں پی ٹی آئی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کافی عرصے سے راجا ریاض کے فریال تالپور سے اختلافات چل رہے تھے اور سابق صدرآصف علی زرداری نے بھی معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش بھی کی تھی جو سود مند ثابت نہ ہو سکی۔

راجا ریاض نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پنجاب میں پارٹی معاملات چلانے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی تھیں، انھیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی تھی جس سے بددل ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہا پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو پنجاب میں پارٹی کا تنظیمی ڈھانچہ اور کارکنوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے اپنا پیغام پہنچایا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔