پیپلزپارٹی کا پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم سے مصالحت نہ کرنے کا فیصلہ

Bilawal

Bilawal

کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی نے پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم سے مصالحت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ٹی او آرز پر سخت موقف اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پیپلزپارٹی نے پانامالیکس کے معاملے پر وزیراعظم سے مصالحت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں چیرمین بلاول بھٹوزرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ٹی او آرز پر سخت مؤقف اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف ڈٹے رہیں اور اس معاملے پر ایسا موقف نہ اپنایا جائے جس سے فرینڈلی اپوزیشن کا تاثر پیدا ہو۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے وائس چیرمین آصف زرداری سے مشاورت کے بعد پارٹی پالیسی کوحتمی شکل دی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی ایک ہی ہے اس سلسلے میں کوئی ابہام نہیں کہ احتساب کا آغاز وزیراعظم کے خاندان سے ہی ہوگا۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس کے مجوزہ تحقیقاتی کمیشن کے لیے ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور اس سلسے میں دونوں کی پارلیمانی کمیٹی اپنا اپنا کام کررہی ہیں تاہم ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہیں۔