پیپلزپارٹی کو عوام کی خدمت کا بھرپور موقع دیا لیکن وہ ناکام ہوگئی، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

کوٹلی (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہم نے پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں پورے اختیارات کے ساتھ بھرپور موقع دیا کہ وہ عوام کی خدمت کرسکیں لیکن وہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کرسکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کوٹلی میں ورکرز کنونشن سے خطاب ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں اب (ن) لیگ کی حکومت قائم ہونے والی ہے کیوں کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں پورے اختیارات کے ساتھ بھرپور موقع دیا کہ وہ عوام کی خدمت کرسکیں اور تحریک عدم اعتماد میں ساتھ نہ دینے کی وجہ سے عوام سے نارضی بھی مول لی لیکن پیپلز پارٹی ناکام ہوگئی۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں 2011 کے انتخابات میں عوام کی آنکھوں کے سامنے دھاندلی کی گئی اور آبادی سے زیادہ ووٹ نکلنا دھاندلی کا منہ بولتا ثبوت ہے لیکن پیپلز پارٹی نے موقع گنوا دیا اوراب عوام میں شعور بیدار ہو چکا ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں کامیابی مسلم لیگ (ن) کے حق میں لکھ دی گئی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ نواز شریف پر ایران اور سعودی عرب دونوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اورہمارے لیے دونوں ممالک معتبر ہیں کیونکہ ایک پڑوسی ملک ہے اور سعودی عرب سے ہمارا مذہبی لگاؤ اور محبت ہے تاہم امید ہے کہ وزیر اعظم کے ثالثی کے کردار سے کوئی بہتر راہ نکل آئے گی۔