صدر آزاد کشمیر مسعود خان کی چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید سے بات چیت

Ali Raza syed Meeting with AJK President Sardar Masood Khan

Ali Raza syed Meeting with AJK President Sardar Masood Khan

برسلز (پ۔ر) آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ یورپ اور دنیا کے دیگر خطوں میں کشمیر کاز کے لیے کام کرنے والی شخصیات لائق تحسین ہیں۔خاص طورپر یورپ میں متحرک کشمیر کونسل ای یو کی قیادت قابل ستائش ہے جو کافی عرصے سے یورپی یونین کے رکن ممالک میں مسئلہ کشمیر کو فعال طریقے سے اجاگرکررہی ہے۔انھوں نے کہاکہ یورپ میں مسئلہ کشمیرپر مزید مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کشمیرہاؤس اسلام آباد میں اپنے دفترمیں کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے یورپ میں مسئلہ کشمیرپرکشمیرکونسل ای یوکی جدوجہد کو لائق تحسین قراردیا ااور کہاکہ یورپی یونین دنیا کا ایک اہم اقتصادی بلاک ہے۔ جس کا عالمی سیاست میں بہت موثر کردار ہے ۔ یورپی یونین کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔

اس بنا پر وہ مسئلہ کشمیر کے پر امن اور منصفانہ حل کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے اپنے حالیہ دورہ یورپ کوکامیاب بنانے اوربھرپور میزبانی پرکشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین کا شکریہ اداکیا۔انھوں نے کہاکہ یورپ میں پاکستانی اور کشمیر کمیونٹی بہت موثر اور فعال ہے اور کشمیرکونسل ای یو انہیں مزید منظم کرنے اور مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کے لئے ان صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرے۔ اس موقع پر کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے عالمی سطح پرمسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کے لئے صدر سردار مسعود خان کی صلاحیتوں اور کاوشوں کی تعریف کی۔

انھوں نے خصوصی طورپر صدرآزادکشمیرکے حالیہ دورہ یورپ کو سراہااور کہاکہ ان کے اس دورے کے مسئلہ کشمیرکے حوالے سے مثبت نتائج برآمدہوں گے۔علی رضاسیدنے بتایا کہ کشمیرکونسل ای یوکی ہرممکن کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور مظلوم کشمیری بھائیوں کی مشکلات کو دنیاکے سامنے لایاجائے تاکہ کشمیریوں کے مصائب کم ہوں اور مسئلہ کشمیرکی راہ ہموارہوجائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کوششوں کو مذید بھرپور اور سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ جلداورموثر نتائج برآمد ہو سکیں ۔دراین اثناء صدرآزادکشمیرنے علی رضاسید کے اعزازمیں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔