صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کشمیر کونسل یورپ کی دعوت پر آئندہ ہفتے بلجیم کا دورہ کریں گے

Sardar Masood Khan

Sardar Masood Khan

برسلز (پ۔ر) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کی دعوت پر آئندہ ہفتے چھ فروری بروز سوموار کو بلجیم کا دورہ کریں گے۔

یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلز میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران صدر آزادکشمیر یورپی پارلیمنٹ کے اراکین، یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اور عالمی امورکے ماہرین کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کریں گے اور کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ برسلز میں ایک بین الاقوامی کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔’’تنازعہ کشمیر اور بین الاقوامی آراء ‘‘ کے عنوان سے یہ کانفرنس سات فروری بروز منگل یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیرگروپ کے تعاون سے منعقد ہو گی۔

اپنے دورے کے پہلے روز صدرآزاد کشمیر کشمیرکونسل ای یو اور بلجیم میں کشمیری اور پاکستان کمیونٹی رہنماوؤں کی طرف سے ان کے اعزازمیں عشائیے میں شرکت کریں گے۔صدر مسعود خان کے دورہ بلجیم کے حوالے سے کشمیرکونسل ای یو نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور اس سلسلے میں کشمیر کونسل ای یو کے سیکرٹریٹ برسلز اور اسلام آباد میں صدر آزاد کشمیر کے دفترکے حکام کے مابین رابطے جاری ہیں۔کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید بھی صدر مسعودخان کو انکے دورے کے حوالے سے انتظامات کے بارے میں فون پر صدرکو آگاہ کر چکے ہیں۔

صدر آزادکشمیر کا دورہ بلجیم ایسے وقت ہو رہا ہے کہ پانچ فروری ہرسال کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طورپر منایا جاتا ہے۔ کشمیر کونسل یورپ ( ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید نے بتایا کہ آزادکشمیر کے صدر کا دورہ یورپ اہمیت کاحامل ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

انھوں نے بتایا کہ ہم مسئلہ کشمیرپر سفارتی جدوجہد میں تیزی لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور صدرآزادکشمیر کا دورہ بھی اسی کوشش کا حصہ ہے۔ علی رضاسید نے بتایاکہ یورپی یونین ایک اہم عالمی ادارہ ہے اور یورپ ایک بااثر بلاک ہے۔

ہماری خواہش ہے کہ ای یو مسئلہ کشمیرپر اپنا کردار اداکرے تاکہ کشمیریوں کی مشکلات کم ہوں اور مسئلہ کشمیرکے حل کی راہ ہموار ہو سکے۔انھوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیاگیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروائے اور کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلوانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔