صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کشمیر کونسل یورپ کی دعوت پر آئندہ ماہ بلجیم کا دورہ کریں گے

Masoood Khan

Masoood Khan

برسلز (پ۔ر) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کی دعوت پرچھ فروری کو بلجیم کا دورہ کریں گے۔

یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلز میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران صدر آزاد کشمیر یورپی پارلیمنٹ کے اراکین، یورپی یونین کے اعلی حکام اور عالمی امور کے ماہرین کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کریں گے اور کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ برسلز میں ایک کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

’’تنازعہ کشمیراوربین الاقوامی آراء ‘‘ کے عنوان سے یہ کانفرنس سات فروری کو یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیرگروپ کے تعاون سے منعقد ہوگی ۔صدرآزادکشمیرکا دورہ بلجیم ایسے وقت ہورہاہے کہ پانچ فروری ہرسال کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طورپر منایا جاتا ہے۔

کشمیرکونسل یورپ ( ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید نے بتایاکہ آزادکشمیرکے صدر کا دورہ یورپ اہمیت کاحامل ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انھوں نے بتایاکہ ہم مسئلہ کشمیرپر سفارتی جدوجہد میں تیزی لانے کی کوشش کررہے ہیں اور صدرآزادکشمیر کا دورہ بھی اسی کوشش کا حصہ ہے۔

علی رضاسید نے بتایاکہ یورپی یونین ایک اہم عالمی ادارہ ہے اور یورپ ایک بااثربلاک ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ای یو مسئلہ کشمیرپر اپنا کردار اداکرے تاکہ کشمیریوں کی مشکلات کم ہوں اور مسئلہ کشمیرکے حل کی راہ ہموار ہوسکے۔

انھوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیاگیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بند کروائے اور کشمیریوں کوان کاحق خودارادیت دلوانے میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔