سابق صدر کیلئے معافی کی درخواست کرنے والے ڈرامے بازی پر اتر آئے: چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) چودھری نثار کے پیپلز پارٹی پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، مشرف کی روانگی پر پی پی پی کی جانب سے احتجاج کو منافقت اور سیاسی ڈرامہ بازی قرار دے دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ مشرف کے بیرون ملک جانے کی سب سے زیادہ مخالفت وہ جماعت کر رہی ہے جس نے اپنے دور میں این آر او والی دوستی نبھائی، یہ منافقت اور دوہرے معیار کی انتہاء ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس وقت پیپلز پارٹی کا جمہوری پن سویا ہوا تھا؟ چودھری نثار کا مزید کہنا ہے کہ 2009ء میں تحقیقاتی کمیٹی نے پرویز مشرف کے بی بی کے قتل میں ملوث ہونے کا عندیہ دیا مگر اس وقت کے حکمرانوں نے آنکھ اٹھا کر بھی مشرف کی طرف نہیں دیکھا۔ ایف آئی آر میں نام آنے پر بھی مشرف کا نام ای سی ایل پر نہ ڈالا، یہ مذاق نہیں تو اور کیا ہے کہ مشرف کو گارڈ آف آنر دینے والے آج اس کی بیرون ملک روانگی پر سیاسی ڈرامہ بازی پر اتر آئے ہیں۔