جھنگ کی خبریں 20/6/2016

jhang

jhang

jhang

jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی نتظامیہ کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شہر کی مرکزی فروٹ و سبزی منڈی کی موثر نگرانی کی باعث سستے رمضان بازاروں اور دیگر مارکیٹوں میں سبزیات اور پھلوں کی عوام کو ماہ صیام میں سستے داموں فراہم کرنے کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اشیائے ضروریہ کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے سستے رمضان بازاروں اورشہر کی مرکزی سبزی و فروٹ منڈی کا روزنانہ کی بنیاد پرمعائنہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جاسکے۔اس حوالہ سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد اویس ملک نے ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو کے ہمراہ سبزی و پھلوں کی قیمتوں کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کو بولی کے مراحل کی شفاف اور کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کوہدایت کی کہ سبزی وفروٹ منڈی میںاشیاء کی قیمتیں چیک کرنے کیلئے باقاعدگی سے متحرک رہیں۔مزید برآں اے ڈی سی محمد اویس ملک نے منڈ ی میں خریداروں سے تبادلہ خیال کیا اور ٹی ایم اے عملہ کو صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر اور موثر بنانے کی ہدایات جاری کیں جبکہ ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کوٹریفک کے بہائو اور سکیورٹی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پی سی بی کے کیوریٹر بشیر کاردار کا مائی ہیر سپورٹس کمپلیکس کا دورہ،تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ کے کیو ریٹر اور سابق ٹیسٹ کرکٹربشیر کاردار نے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے صدر محمدانورچوہدری اور جنرل سیکرٹر ی سید وزیر علی شاہ کے ہمراہ مائی ہیر سپورٹس کمپلیکس میں پی سی بی کی جانب سے بنائی جانے والی تین قومی معیار کی کرکٹ پچوں کو معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹر کٹ کر کٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ ظہیر ،جنرل سیکرٹری صہیب علی شیخ اور خزانچی ملک اظہر بھی انکے ہمرا ہ تھے۔ بشیر کاردار نے میڈ یا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ میں قومی معیار کے اس گرائونڈ کے بننے کے بعد جھنگ میں فرسٹ کلاس کر کٹ کے دروازے کھل جائیں گے پی سی بی کی جانب تیار کئے جانے والے اس گرائونڈ پر اب تک پانچ لاکھ روپے لگائے جاچکے ہیں اور اسکے علاوہ گرائونڈ کی تیاری کے لیے درکار تما م ضروری مشینری بھی یہاں پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ ایک ماہ کے دوران گرائونڈ مکمل طور پر تیا ر ہوجائے گا جس کے بعد جھنگ میں فرسٹ کلاس کے میچز کا آغاز کردیا جائے وہ اس پر پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان اورنجم سیٹھی کے مشکور ہیں جنہوں نے جھنگ کے لئے اس گرائونڈ کی منظوری دی ۔ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد انور چوہدری نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ جھنگ میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے لیکن یہاں پر فرسٹ کلاس کے میچز نہ ہونے کی وجہ سے یہاںکے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع نہیں مل پارہا تھا اب جھنگ کو بھی فرسٹ کلا س میچز ملیںگے جس کے بعد یہاں کے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیکرٹری آر ٹی اے نے گزشتہ ماہ 309چالان کیے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران اورچارجنگ ،اور لوڈنگ ناقص سلنڈر بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ،اور روٹ پرمٹ نہ ہونے پرضلع بھر میں 309چالان کئے گئے یہ بات سیکرٹری ڈسٹر کٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد طاہر ملک نے میڈیا سے بات کر تے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہا کہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے تما م ایسی گاڑیاں جو کسی بھی لحاظ سے اورلوڈنگ ،زائد کرایہ وصولی ،روٹ پرمٹ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف کاراوئیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ اس مدت کے دوران ان تمام خلاف ورزیوں میں ملوث کل 309گاڑی مالکان کے چالان کئے گئے اورانہیں 2لاکھ 17ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ۔انہوں نے بتایااس عرصہ کے دوران ان خلا ف ورزیوں میں ملوث 110دس گاڑیوں کو بند کر دیا گا اس حوالے سے کاروائی کاسلسلہ آئندہ بھی بغیر کسی دبائو اور تفریق کے جاری رکھا جائے گا۔

جھنگ (تحصیل رپورٹر)انٹر ڈسٹرکٹ آل پنجاب فلڈ لائٹ انوی ٹیشنل آرچری چیمپئین شپ راولپنڈی نے جیت لی ۔تفصیلات کے مطابق سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والی جھنگ ڈسٹر کٹ آرچری اور ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ آل پنجاب فلڈ لائٹ انوی ٹیشنل آرچری چیمپیئن شپ راولپنڈی نے جیت لی چیمپیئن شپ کے مہمان خصوصی ڈسٹر کٹ سپورٹس ایڈ منسٹریٹر طاہر ملک اور ڈسٹر کٹ سپورٹس آفیسرمہر الطاف تھے جبکہ پاکستان آرچری ٹیم کے کوچ جلال الدین ،منیجر پاکستان آرچری ٹیم زاہد اعوان ،عالمی تربیت یافتہ کوچ دانش عباس اور قومی چیمپین اقصیٰ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ایک روز ہ اس چمیپین شپ میں جھنگ ،فیصل آباد، خانیوال اور ملتا ن سمیت پنجاب بھر سے سات اضلاع کی ٹیموں نے شرکت کی۔ چیمپین شپ میں ٹیم ایونٹ کے مقابلہ جات کروائے گئے جس میں مجموعی طور 204پوائنٹس حاصل کر کے راولپنڈی نے پہلی، 147پوائنٹس حاصل کرکے جھنگ نے دوسری اور 135 پوائنٹس لے کر خاینوال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹر کٹ ایڈمنسٹر یٹر طاہر ملک نے کہا کہ وہ جھنگ میں آرچری کے ضلعی سطح کے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کروانے پر جھنگ آرچری کے جنرل سیکرٹر ی امان اللہ شان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس طرح کے ایونٹ کروانے سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ میدان آباد ہونے سے نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا رجحان میں بھی اضافہ ہوگا۔ خانیوال کی خاتون کھلاڑی نورالہدیٰ نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہ خواتین کے لئے یہ ایک بہترین کھیل ہے لیکن ابھی پاکستان میں اس کھیل کے فروغ کے لئے اور کام کرنا ہوگا اور اس قسم کے ایونٹ ہونے سے اس کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگا جھنگ کے کھلاڑی عبدالرحمن نے کہا کہ جھنگ میں آرچری کے اس ایونٹ سے جہاں دیگر شہروں سے آئے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر انہیں مزید سیکھنے کا موقع ملے گاوہیں پر جھنگ میں کھیلوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا ۔