وزیراعظم کے ساتھ صرف اثاثے ڈکلیئر نہ کرنے پر اختلاف ہے : عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ساتھ صرف اثاثے ڈکلیئر نہ کرنے پر اختلاف ہے، جہانگیر ترین کہتے ہیں وزیراعظم کے بچوں کی طرح میرے بچوں کا گھر بھی باہر ہے لیکن انہوں نے پورا ٹیکس دیا ہے۔

اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا ایک خاندان کی کرپشن بچانے کیلئے حکومت کا میڈیا سیل بنا ہوا ہے۔

وزیراعظم بے قصور ہوتے تو پارلیمنٹ میں اثاثے ڈیکلیئر کر کے بتاتے کہ کتنا ٹیکس دیا۔ ان کے ساتھ اثاثے ڈکلیئر نہ کرنے پر اختلاف ہے۔

وزیراعظم کے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے کپتان نے کہا ایک پائپ لائن کا تیسری بار افتتاح کرنے سے کام نہیں بنے گا، وزیراعظم پر ٹیکس چوری، کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات لگے، وہ بتائیں پیسے کیسے باہر بھیجے گئے۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیر اعظم کے بچوں کی طرح میرے بچوں کا گھر بھی باہر ہے لیکن پورا ٹیکس دیا اور قانونی طریقے سے دولت باہر بھیجی۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ان کی تمام دولت ڈیکلئیر ہے، انہوں نے کچھ بھی نہیں چھپایا۔