وزیراعظم آزاد کشمیر کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر اعلی سطحی تھینک ٹینک کا قیام قابل ستائش ہے، علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اعلی سطحی تھینک ٹینک کے قیام کی منظوری ایک قابل ستائش اقدام قرار دیاہے۔

برسلز سے جاری ہونے والے بیان میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے ’’ریسرچ اینڈ پالیسی فورم‘‘ کی سربراہی کے لئے اعلیٰ صلاحیتوں اور تجربات سے بہرہ مند شخصیت کا انتخاب خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے شعبہ عالمی تعلقات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق سربراہ برگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد خان کو اس سات رکنی تھینک ٹینک کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

علی رضاسید نے مزید کہا کہ برگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان اچھی شہرت کی حامل شخصیت ہیں اور نہ صرف وہ شعبہ عالمی تعلقات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں بلکہ کشمیر سمیت متعدد ایشوز پر ان کی گہری تحقیق ہے اوروہ یورپ سمیت کئی فورمز پر مسئلہ کشمیرکو پیش کر چکے ہیں۔ان کے تقررسے مسئلہ کشمیرکی حقیقت خاص طور پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر حکومت کے اس فیصلے سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ سفارتی سطوح پر بھی مسئلہ کشمیر کو موثر طریقے سے اجاگر کیا جا سکے گا اور اس فورم کے بامقصد دائرہ کارکو مزید پھیلایا جائے گا۔

علی رضا سید نے آزاد کشمیر حکومت خاص طور پر نئے قائم ہونے والے نئے تھینک ٹینک سے کہاکہ وہ یورپ سمیت بیرونی دنیا میں مقیم کشمیری ڈائس پورہ سے بھی رابطے میں رہیں تاکہ مسئلہ کشمیرکو بھرپورر طریقے سے اجاگر کرنے میں درست مشاورہ ہو سکے۔