وزیراعظم آزادکشمیر کا نکیال واقعہ پر کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

Chaudhry Abdul Majeed

Chaudhry Abdul Majeed

کوٹلی (جیوڈیسک) کوٹلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے نکیال واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی کروانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ وفاقی وزراء کی آزاد کشمیر میں مداخلت کے خلاف کل آزادکشمیر بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔

کوٹلی آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں گزشتہ روز پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں تصادم میں پی پی کارکن کے جاں بحق ہونے کے بعد بازار اور دکانیں آج بند ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید 11ن لیگی کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے دوسری طرف پیپلزپارٹی نے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کیاہے۔

پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ن لیگ کے 11 کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے، گذشتہ روزبھی 15 لیگی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تمام زیرحراست افرادکو کوٹلی منتقل کر دیا گیا ہے۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ۔پولیس اورفوج کے دستے شہر میں تعینات ہیں اور امن وامن کی صورتحال قابو میں ہے۔

پولیس نے گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے کارکن کے قتل اور پتھراؤ کا مقدمہ 70 افرادکے خلاف درج کر لیا تھا۔ مقدمے میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان کے بیٹے فاروق سکندر کا نام بھی شامل ہے۔