وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات کا طیارہ حادثہ پر افسوس کا اظہار

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے طیارہ حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے طیارہ حادثہ میں مسافروں کے جاں بحق ہونے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ جائے حادثہ پر فوری پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین آصف علی زرداری، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سمیت تمام اہم شخصیات نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے طیارہ حادثہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اندوہناک حادثہ نے روح کو چھلنی کر دیا ہے۔ میرے پاس اپنے جذبات کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثے میں ممکنہ طور جانی نقصان کی اطلاعات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت امدادی کاموں میں کوئی کوتاہی نہ برتے اور زخمی مسافروں کی جانیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے جانچ کی جانی چاہیے۔ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ طیارے حادثے کا شکار تمام افراد پر رحم فرمائے۔