وزیر اعظم نے اسلام آباد کے سکول میں مونٹیسوری کا افتتاح کر دیا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی سہولیات کے میدان میں انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں، انہوں نے آذان خان شہید ماڈل سکول ایف ایٹ تھری میں ماڈرن مونٹیسری کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں کے اساتذہ بچوں کو بہتر انداز میں پڑھا سکتے ہیں، ان کا معیار تعلیم بہتر بنایا جاسکتا ہے، اس حوالے سے یہ ہمارے منشور کا لازمی حصہ ہے کہ بچوں کی تعلیم کو بہتر بنایا جائے۔ اسلام آباد کے سکول میں ماڈرن مونٹیسری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بچوں کو تعلیمی میدان میں بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کر کے انہیں معاشرے کا بہترین شہری بنایا جاسکتا ہے

اس موقع پر وزیر اعظم نے سکول کے بچوں کے ساتھ دلچسپ گفتگو کی ، سکول کے بچوں نے وزیر اعظم پاکستان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ان مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کئے، وزیر اعظم نے تقریب کے دوران سکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی، آج بھی کم لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے مگر ہماری کوشش ہے کہ ہم آئندہ دو برس میں اس کا مکمل خاتمہ کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ سکول میں بچوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ کھیلوں کیلئے تعمیر کیئے جانے والے باسکٹ بال کورٹ کو بھی دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں مصروف ہیں اور انشا اللہ اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ہم ملک کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے سکول کے ہال کا نام “نواز شریف آڈیٹوریم ” رکھنے کی منظوری دی۔