وزیراعظم نواز شریف آج خصوصی طیارے سے وطن واپس پہنچیں گے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لندن (جیوڈیسک) اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کیلئے تیاریاں کر لی ہیں۔ ڈاکٹروں نے ہوائی سفر کی اجازت دے دی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے خصوصی طیارہ آج لندن پہنچے گا۔ ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کا انتظام نہ ہوا تو سٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتارا جائے گا۔ وزیراعظم برطانوی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح سات بجے روانہ ہونگے۔

ان کے اہلخانہ بھی اسی طیارے میں سفر کریں گے۔ ترجمان پی آئی اے نے وضاحت کی ہے کہ وزیراعظم کی صحت کے باعث ان کا دفتر جزوی طور پر لندن منتقل ہو گیا تھا۔ وزیراعظم کے روبصحت ہونے کے بعد پاکستان منتقل کیا جانا ہے۔ کیمپ آفس پاکستان منتقل کرنے کیلئے پی آئی اے نے خصوصی طیارہ مختص کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ دعاؤں کے لیے پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں۔ ہم پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے مجھے سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔