وزیراعظم نواز شریف آج جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

نیویارک (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف آج جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ کشمیر، پاک بھارت کشیدگی، افغانستان اور دہشت گردی کے خلاف جنگ ان کی تقریر کے اہم موضوعات میں شامل ہیں۔

آج کی تقریر سے قبل بھی وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون سمیت عالمی رہنمائوں کے سامنے بھی ان مسائل پر بات کرتے رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے دورے کے دوران ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں، کشمیر میں استصواب رائے، افغانستان کی صورتحال، دہشت گردی اور امن عالم کو لاحق خطرات کو بہت واضح کیا ہے۔

عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں میں بھارت کی دہشت گردی میں معاونت اور پاکستان میں مداخلت پر بھی بات ہوئی، اس موقع پر پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعظم نواز شریف نے امریکی صدر براک اوباما اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے علاوہ جرمنی،اٹلی،ترکی، سری لنکا، نیپال، جنوبی کوریا اور ورلڈ بینک کے سربراہ سے ملاقاتیں کیں۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی 20 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔