وزیراعظم نواز شریف کا نیب کے خلاف بیان بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے، کامران یوسف گھمن

Kamran Yousuf Ghuman

Kamran Yousuf Ghuman

پیرس (پی پی پی فرانس) پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے کوارڈینیٹر کامران یوسف گھمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا نیب کے خلاف بیان بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے جو واضح کر رہا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے۔ قومی احتساب بیورو ادارہ ہے اسے دھمکیاں دینے کے بجائے اپنا آئنی کردار ادا کرنے دیا جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کا احتساب اور پاکستان مسلم لیگ ن سے رعایت انصاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو نیب کے خلاف دھمکی آمیز بیان دینے کی ضرورت نہیں تھی۔ پہلے سیاسی مخالفین پکڑے جاتے رہے ہیں تو میاں نواز شریف خاموش رہے، اب بقول چوہدری نثار علی خان مسلم لیگ ن کی دم پر نیب کا پاؤں آیا ہے تو وزیراعظم بھی احتساب کرنے والے ادارے کے خلاف بولنا شروع ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب سے کوئی شکایت تھی تو وزیراعظم عدالتوں سے بھی رجوع کر سکتے تھے جیسے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سپریم کورٹ کے احکامات کو تسلیم کیا اور انہیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔ میاں نواز شریف کو بھی جرات کرنی چاہیے۔ نیب کو دھمکیاں دینے کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔