وزیراعظم نواز شریف کی ترکمان صدر کے ساتھ نیوز کانفرنس

PM Nawaz Sharif- Turk  President

PM Nawaz Sharif- Turk President

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے معلومات کا تبادلہ کریں گے، تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان میں گیس کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم نواز شریف کاپاکستان کے دورے پر آئے ترکمانستان کے صدر قربان علی محمد وف کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران مزید کہنا تھا کہ امید ہے ترکمانستان کی گیس سے پاکستانی صنعتوں کا پہیہ چلے گا، توانائی منصوبوں سے علاقائی روابط میں اضافہ ہوگا،دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں وسط ایشیائی ریاستوں کے لیے راستہ فراہم کرتی ہیں،ہم نے دوطرفہ اقتصادی، خصوصاً تجارتی تعلقات بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس دورے کی سائیڈ لائنز پر ہونے والے پاک ترکمانستان بزنس فورم کے انعقاد سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

ترکمانستان کے صدر نے کہا کہ پائیدار امن و استحکام اور پائیدار ترقی کے حوالے سے دونوں ممالک کی قیادت کی سوچ ایک ہے،پاکستان اور ترکمانستان کے مابین بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں، امن و استحکام کا فروغ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہمارے مشترکا مقاصد ہیں۔

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے معلومات کے تبادلے اور توانائی سمیت8شعبوں میں باہمی تعاون کے ایم او یوز پر دستخط کیے گئے ہیں۔