وزیراعظم کیخلاف ریفرنسز مسترد، اپوزیشن کا مشترکہ اجلاس کل ہو گا

Opposition Joint Meeting

Opposition Joint Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنسز مسترد ہونے کے بعد سیاسی درجہ حرارت میں تیزی آگئی۔ اپوزیشن نے مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اسپیکر کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا عندیہ دے دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پانامہ لیکس پر اداروں نے بھی دوہرا معیار اختیار کر رکھا ہے ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اسپیکر کی رولنگ کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق لائحہ عمل اپنائیں گے ۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے غیرجانبدار ہونے سے ہی حکومت کی جان بچ سکتی ہے ۔

دوسری جانب عمران خان نے سڑکوں کے آپشن کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کا فلور بھی استمعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا امکان ہے ۔

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ایک طرف سڑکوں پر احتجاجی سیاست میں مصروف ہیں تو دوسری طرف قومی اسمبلی کے فلور پر بھی وہ پانامہ لیکس اوروزیر اعظم کے خلاف بھرپور آواز اٹھانا چاہتے ہیں ۔ اس ضمن میں عمران خان کا کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں جانے کاامکان ہے ۔ کپتان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے ساتھیوں سے مشاورت کی ہے ۔ پارٹی رہنماؤں نے اسمبلی فلور پر بھی خطاب کا آپشن استمعال کرنے کامشورہ دیدیا ہے ۔ عمران خان کے قومی اسمبلی سے خطاب کے حوالے سے شام تک حتمی فیصلہ ہو گا۔