وزیراعظم سے تھپکی ملنے پر شہر یارخان شیر ہوگئے

Shehriyar khan

Shehriyar khan

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم کی طرف سے تھپکی ملنے پرشہریار خان شیر ہوگئے، پی سی بی کا طاقتور سربراہ ہونے کا دعوی کرنے لگے، ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی خواہش کے مطابق چیئرمین کے عہدے کی مدت پوری کرونگا، مکمل ایگزیکٹیو پاور رکھتا ہوں،کسی معاملے پراختلاف رائے غلط بات نہیں، یقین ہے کہ نجم سیٹھی میرے ساتھ ملکر کام کریں گے، بدلتے منظر نامے میں پی سی بی نے بھی پریس ریلیز میں وضاحت پیش کردی ہے کہ شہریار خان تعطیلات پر نہیں بلکہ بورڈ سربراہ کی حیثیت سے ڈیوٹی پر انگلینڈ میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں ، ان کے ساتھ لندن میں ہونے والی ملاقات نے شہریار خان کے اعتماد کو بلندیوں تک پہنچادیا ہے، قبل ازیں اگست میں عہدہ چھوڑنے کا اشارہ دینے والے چیئرمین نے اب اس بات پر اصرار شروع کر دیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے سربراہ کی حیثیت سے مکمل اختیارات رکھتے اور اپنے عہدے کی مدت پوری کرینگے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ایک تاثریہ تھا کہ شہریار خان پی سی بی کے برائے نام چیئرمین اور اصل معاملات ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی چلا رہے ہیں۔

انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیر اعظم پی سی بی میں ہونے والی تبدیلیوں سے مطمئن ہیں، 2014 میں بورڈ بگڑے ہوئے حالات کو دیکھ کر چیئرمین کا عہدہ قیول کیا تھا،عدالتی محاذ آرائی میں ایک دن کسی کو، اگلے روز کسی اور کو سربراہ بنادیا جاتا تھا، سپریم کورٹ نے نجم سیٹھی کا نام مسترد کردیا تھا، ان کی درخواست پر ذمہ داری قبول کی جس سے تنازعات ختم ہوگئے، بورڈ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کا مقصد کرکٹ کو بہتر بناناہے، اختلافات رائے غلط بات نہیں، مجھے یقین ہے کہ نجم سیٹھی میرے ساتھ ملکرکام کریں گے۔وزیراعظم کی خواہش کے مطابق چیئرمین کے عہدے کی مدت پوری کرونگا، بطورچیئرمین مکمل ایگزیکٹیو پاور رکھتا ہوں۔

دریں اثناء بدلتے منظر نامے میں پی سی بی نے بھی پریس ریلیزمیں وضاحت پیش کردی ہے کہ شہریارخان تعطیلات پرنہیں بلکہ بورڈ سربراہ کی حیثیت سے ڈیوٹی پر انگلینڈ میں ہیں،اس دوران آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے کیساتھ پاکستان کی ویمنز اور اے ٹیموں کے میچ بھی دیکھیں گے، بعد ازاں قومی ٹیم کے2 ٹیسٹ میچز کے موقع پر بھی موجود ہونگے، قومی ٹیم کے پبلک ریلیشن مشیر جوناتھ کولٹ سے بھی ملاقات ہوچکی ہے۔