وزیراعظم کے دورہ امریکا میں ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا میں ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم کے قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا میں سیکیورٹی، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاہم ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی میدان میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ پرامن افغانستان کے لیے کوششیں کی ہیں اور اگر افغان حکومت نے طالبان سے مذکرات کے لیے خواہش ظاہر کی تو ہم دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کروانے کے لیے بھی تیار ہیں۔

واضح رہے وزیراعظم نوازشریف 20 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک امریکا کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر براک اوباما سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔