پریانکا چوپڑا کو ہالی ووڈ فلم بے واچ میں کاسٹ کر لیا گیا

Priyanka Chopra

Priyanka Chopra

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں جنگلی بلی کے نام سے مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا بھارتی فلم انڈسٹری میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد اب ہالی ووڈ کی فلم میں پہلی بار جلوہ گر ہوں گی۔

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا شمار انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے یہی نہیں انہوں نے میزبانی اور گلوکاری میں بھی کامیابیاں سمیٹی ہیں تاہم اب وہ امریکی ڈرامہ سیریل کے بعد پہلی بار ہالی ووڈ فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔

پریانکا چوپڑا ہالی ووڈ میں پہلی بار 1990 کی مشہورسیریز’’بے واچ‘‘ پر مبنی فلم میں ایکشن میں نظر آئیں گی جس میں وہ ولن کا کردار نبھائیں گی جب کہ ہالی ووڈ اداکار ڈوان جونسن اور زیک ایفرون بھی فلم میں ان کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کریں گے۔

دوسری جانب سکرپٹ رائٹرز نے بھی بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی فلم میں کاسٹ کی تصدیق کردی ہے ۔ واضح رہے کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے امریکی ٹی وی سیریل ’’کوانٹیکو‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا۔