پریانکا ہالی ووڈ میں مصروف؛ بالی ووڈ کیلیے وقت ختم ہوگیا

Priyanka

Priyanka

ممبئی (جیوڈیسک) امریکی ٹی وی شو ’’کوائنٹیکو‘‘ اور ہالی ووڈ فلم ’’بے واچ‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف اداکارہ پریانکا چوپڑہ کے پاس اب بالی ووڈ فلموں کے لیے وقت نہیں ہے۔

بھارتی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پریانکا نے کہا ہے کہ بہت سے ایسے اداکار اور اداکارائیں ہیں جو 2 یا 3 سال تک فلمیں نہیں کرتے اور میرا نہیں خیال کہ اگر شائقین مجھے بالی ووڈ فلموں میں نہیں دیکھیں گے تو وہ مجھے بھول جائیں گے، میں اس حوالے سے تحفظات کا شکار نہیں ہوں۔انھوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ مجھے صرف اسکرین پر نظر آنے کے لیے کوئی ہندی فلم کرنی چاہیے۔

پریانکا نے کہا کہ ان کا شو ’’کوائنٹیکو‘‘ ہر ہفتے کو آتا ہے آپ سب مجھے اسکرین پر دیکھ سکتے ہیں بلکہ میری ہالی ووڈ فلم ’’بے واچ‘‘ بھی اگلے سال موسم گرما میں ریلیز ہوجائے گی۔ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ان کی ہالی ووڈ فلم ’’بے واچ‘‘ کو ہندوستان میں بھی بڑے پیمانے پر ریلیز کیا جائیگا اور فلم کی پوری ٹیم ہندوستان آئیگی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ انٹرٹینمنٹ کا شعبہ بہت وسیع ہوچکا ہے اور میں چاہے دنیا میں کہیں بھی چلی جاؤں میں سب سے پہلے ایک ہندوستانی اداکارہ ہوں اوراگر مجھے کوئی اچھا پروجیکٹ ملا اور میرے پاس وقت ہوا تو میں فلم کروں گی، میں اْس وقت تک فلمیں کروں گی، جب تک لوگ مجھے پسند کریں گے اور جب لوگ مجھے نہیں دیکھنا چاہیں گے تو مجھے معلوم ہوجائیگا۔