تحفظ حقوق نسواں بل آئین اور دو قومی نظریئے سے متصادم ہے : اسلامی نظریاتی کونسل

Mohammad Khan Sherani

Mohammad Khan Sherani

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل کا ایجنڈے سے ہٹ کر تحفظ حقوق نسواں بل پر غور کیا گیا۔ پنجاب اسمبلی سے حقوق نسواں بل کی کاپی بھی منگوانے کا فیصله، آئنده اجلاس میں بغور جائزه لینے کے بعد کونسل اس معاملے پر اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی کی زیرصدارت اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں قرآن بورڈ کی تشکیل، سود کا خاتمه، سائنسی تحقیق کیلئے لاش کے استعمال سمیت دیگر امور ایجنڈے میں شامل تھے تاہم ایجنڈے سے ہٹ کر پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے حقوق نسواں بل کا معامله زیر غور رہا۔

اراکین نے کہا کہ بل آئین اور دو قومی نظریہ سے متصادم ہے، آئندہ اجلاس میں بحث کیلئے لایا جائے، آئنده اجلاس میں اس معاملے کا بغور جائزه لینے کے بعد کونسل اس معاملے پر اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کونسل نے پنجاب اسمبلی سے حقوق نسواں بل کی کاپی بھی منگوانے کا فیصله کیا ہے۔ خواتین تحفظ بل پر غور کے باعث اجلاس کے دیگر ایجنڈا پر بحث نہ ہو سکی۔