صوبے ریلوے اراضی واگزار کرائیں ورنہ سپریم کورٹ جائیں گے، سعد رفیق

Saad Rafiq

Saad Rafiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاور پلانٹس کو کوئلے کی ترسیل کے لیے امریکا سے خریدے جانے والے 55 لوکوموٹو 2016 کے آخر تک پاکستان پہنچ جائیں گے، صوبے ریلوے اراضی واگزار کرائیں ورنہ سپریم کورٹ جائیں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے نے پنجاب میں ساہیوال، رائیونڈ اور سندھ میں جام شورو میں لگائے جانے والے کوئلے کے پاور پلانٹس کیلیے کراچی سے کوئلہ کی سپلائی کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے کے مال برداری شعبہ کی بہتری کیلیے فریٹ کمپنی پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے ذریعے مختلف کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ جنرل الیکٹرک امریکا کے ساتھ 55 لوکو موٹو کی خریداری کا معاہدہ ہوگیا ہے، معاہدے کے مطابق آئندہ سال دسمبر تک تمام لوکوموٹو پاکستان پہنچ جائیںگے، کوئلے کی ٹرانسپورٹیشن کیلیے 15 سو ہاپر ویگنزکی خریداری کیلیے ہم نے ٹینڈرز جاری کیے تھے جس میں 7 بین الاقوامی کمپنیوں نے حصہ لیا ہے، اس کے ٹینڈرز 20 ستمبر کو لاہور میں کھولے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرین لائن ٹرین کی مقبولیت اور کامیابی کے بعد رواں سال 3 ٹرینوں قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور تیزگام میں بھی اضافی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، خواتین کے لیے علیحدہ پردے میں سفرکا انتظام کیا جائے گا، پاکستان ریلوے کی 3 ٹرینیں فرید ایکسپریس، بولان ایکسپریس اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس جو خسارے کا شکار ہیں، انھیں پرائیویٹ سیکٹر سے پارٹنرشپ کرکے چلایا جائے گا۔