پی ایس ایل ملکی بیٹنگ کے مسائل کا حل نہیں، حفیظ

Mohammad Hafeez

Mohammad Hafeez

دبئی (جیوڈیسک) محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کے بیٹنگ مسائل کا حل نہیں، اس مقصد کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اعلیٰ معیار کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت سے نوجوان کھلاڑیوں کو مسابقت اور دباؤ سے بھرپور ماحول میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو گا۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بیٹنگ مسائل کا حل صرف پی ایس ایل نہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کیلیے ہمیں اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہو گا۔

کچھ اہم اقدامات کرنے اور قربانیاں دینے کی ضرورت ہے، اگر ایسا کرنے سے کچھ لوگ ناخوش بھی ہوتے ہیں تو ہونے دیں کیونکہ ہمارا اصل مقصد پاکستان کرکٹ کی بہتری ہونا چاہیے، پی ایس ایل کے تواتر کیساتھ مقابلوں کے علاوہ ڈومیسٹک ڈھانچے کو بہتر بنانے سے ہی ہمیں مستقبل کیلیے بہتر کھلاڑی ملیں گے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ ہمیں پی ایس ایل کے پاکستان میں جلد از جلد انعقاد کی کوششیں کرنی چاہئیں، اپنے عوام کے سامنے کھیلنا اور ملکی میدانوں کی رونقیں بحال ہونا ایک بہترین لمحہ ہوگا، اگر پی سی بی ٹیموں کی تعداد بڑھاتا ہے تو ہمیں ملک بھر کے مزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو فرنچائز ٹیموں کیلیے کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا اور نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئیگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہاکہ اس طرح کے ٹورنامنٹ میں کوئی بھی ٹیم اپنے حریف کو زیر کر سکتی ہے لیکن اچھی پرفارمنس کیلیے پراعتماد ہیں، پاکستان نے میگا ایونٹ میں ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھائی ہے، تسلیم کرتا ہوں کہ حالیہ دنوں میں ہم اپنی صلاحیت کے مطابق پرفارم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے لیکن میگا ایونٹ میں بہترکھیل کا مظاہرہ کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔

انھوں نے کہاکہ جب سے بولنگ پر پابندی لگی ہے، اپنے ایکشن کو بہتر کرنے پر کام کر رہا ہوں تاہم انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے زیادہ وقت نہیں مل سکا، اس وقت میری زیادہ توجہ بیٹنگ پر مرکوز ہے لیکن مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرا ایکشن بالکل ٹھیک ہے، تاہم قوانین کے تحت دوبارہ ٹیسٹ کیلیے جولائی تک انتظار کرنے کی ضرورت ہے، امید ہے کہ ایک بار پھر قومی ٹیم کی جانب سے بولنگ کرتا نظر آؤں گا۔