تحریک انصاف بے نظیر کے خون کا حساب لے گی۔ عنایت خٹک، جاوید ملا خیل

PTI

PTI

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع ملیر کے آرگنائزر عنایت خٹک ،کیپٹن ریٹائرڈ رضوان خان ،جاوید ملا خیل ،حاجی حفیظ جوکھیو ،سجاد ملا خیل،خالد شاہانی ،طارق بلوچ اور عبدالغنی لاشاری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف گزشتہ انتخاب میں دھاندلی کے باوجود پاکستان کی دوسری سب سے بڑی سیاسی قوت بنن کر اُبھری ہے اور چاروں صوبوں کے عوام نے اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے

تحریک انصاف لسانیت ،فرقہ واریت اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہے تحریک انصاف چاروں صوبوں کی زنجیر اور ملک میں بسنے والے تمام قومیتوں کا گلدستہ ہے ۔تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی والے جب الیکشن قریب آتے ہیں تو سندھ کارڈ استعمال شروع کردیتے ہیں اور جب اقتدار ملتا ہے تو مفاہمت کے نام پر لوٹ مار میں لگ جاتے ہیں

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بھول جاتے ہیں رہنمائوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا یہ رویہ نظریاتی کارکنوں کے لئے لمحہ فکریہ اور بی بی شہید کا خون چیخ چیخ کر یہ سوال کررہا ہے میری وصیت کے مطابق میرے چاروں نامزد قاتلوں کے خلاف ملک میں بلا شرکت غیرے اقتدار کے باوجود کوئی کاروائی کیوں نہیں کی گئی۔

تحریک انصاف ضلع ملیر کے رہنمائوں نے کہاکہ انشا اللہ ہم بے نظیر بھٹو شہید کے نظریاتی کارکنوں سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں شہید بینظیر بھٹو کے قاتلوں اور عوام پر ظلم کرنے والے حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائینگے۔