تحریک انصاف کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی تنظیمیں تحلیل کر دی گئیں

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات کے لیے پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی نے تحریک انصاف کی تمام مرکزی، صوبائی اور ضلعی تنظمیں تحلیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جس کے تحت نیشنل ایڈوائزری کونسل اور انصاف اسٹوڈنٹس سمیت پارٹی کے تمام ونگ بھی تحلیل کر دیئے گئے ہیں۔

تاہم اس نوٹیفکیشن کا اطلاق چیئرمین تحریک انصاف، سیکرٹری مالیات اور سیکرٹری اطلاعات پر نہیں ہو گا۔ پارٹی کے انتخابی عمل کی تکمیل تک پارٹی کے تمام امور چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن اور الیکشن کوآرڈینیٹر دیکھیں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق انٹر پارٹی انتخابات تک پارٹی کے جلسے جلوس اور دیگر سرگرمیاں کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تاہم چیئرمین کو کہا گیا ہے کہ ناگزیر انتخابی سرگرمیوں کے لیے وہ جماعتی انتخابات میں حصہ نہ لینے والے ارکان کی خدمات لے سکتے ہیں۔ پارٹی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز آج چیئرمین عمران خان کریں گے جبکہ رکن سازی کی مہم ختم ہونے پر انتخابی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جعلی ووٹوں کا اندراج کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔