پی ٹی آئی الیکشن کمیشن ارکان کے استعفے منظور، قائم مقام چیف الیکشن کمشنر مقرر

PTI Leaders

PTI Leaders

اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی آئی میں انٹرا پارٹی انتخابات پر پھر پھڈا ہو گیا۔ پارٹی الیکشن کمیشن کے چیف سمیت کئی عہدیداروں نے احتجاجاً استعفے دے دیئے ہیں۔ دوسری جانب، کپتان نے بھی جواباً کوئیک ایکشن لیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سمیت تمام ارکان کے استعفے منظور کر لئے ہیں اور قائم مقام الیکشن کمشنر بھی مقرر کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پارٹی چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی، رکن سائمن شرف، اور پنجاب اور سندھ کے الیکشن کمشنرز کے استعفے منظور کر لئے ہیں۔ کمیشن کے ممبر نعمان وزیر قائم مقام چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

پارٹی الیکشن کمیشن نے استعفے ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی تعداد پر دیئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کا طریقہ کار طے کرنا پارٹی کا صوابدیدی اختیار ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کے مستقل سربراہ اور ارکان کا تقرر 31 مارچ تک کر دیا جائے گا اور انٹرا پارٹی الیکشن وقت پر ہو گا۔