تحریک انصاف آج رائے ونڈ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف آج رائے ونڈ میں عوامی طاقت دکھائے گی اور کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچ گئی۔ عمران خان نے بھی رات گئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کہتے ہیں کرپشن ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے ملک بچانے کیلئے نکلنا ہو گا۔ آج نئی تاریخ رقم کریں گے ن لیگی کارکن بھی ساتھ دیں۔

آج تیس ستمبر ہے تحریک انصاف رائے ونڈ میں میدان لگائے گی اور عوامی طاقت بھی دکھائے گی۔ اڈہ پلاٹ میں تیاریاں مکمل کر لی گئی۔ کپتان کے کھلاڑی بھی پہنچ گئے اور جارحانہ کھیل کے لئے بھی پرعزم ہیں۔

رات گئے عمران خان نے بھی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ن لیگیوں کو شرکت کی دعوت بھی دے دی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کوئی غلط فہمی میں نہ رہے قوم، افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔