عوام عدل و انصاف کے نظام کو قائم کرنے کیلئے دیانت دار قیادت کا ساتھ دیں، محمد یوسف

Mehfil e Husana Qirat

Mehfil e Husana Qirat

کراچی (پ ر) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرآن سے تعلق قرآن کا حکم ہے، امانت کو اہل افراد کے سپرد کرو، عوام عدل و انصاف کے نظام کو قائم کرنے کے لیے دیانت دار قیادت کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعة الاخوان نیو کراچی میں ”محفل حسن قرآت” کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی زون نیو کراچی محمد احمد قاری، مولانا عبدالوحید، ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء کراچی، مولانا حبیب احمد حنفی، مدیر جامعة النعمان اور معروف قاری اکبر مالکی بھی موجود تھے۔ محمد یوسف نے مزید کہا کہ جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام رائج نہیں ہوتا، ظلم و جبر کے نظام سے نجات نہیں مل سکتی۔ دولت کی ظالمانہ تقسیم سے غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہو رہا ہے۔

مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی نے پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے ۔ لوگوں کی بے بسی دیکھی نہیں جاتی لیکن حکمران ہرفکر سے بے نیاز اقتدار کے مزے لے رہے ہیں ۔ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے اخلاقی ا قدار کا جنازہ نکال دیاہے ۔ جماعت اسلامی ملک کی بقا سلامتی، سیاسی و اقتصادی استحکام اور بالخصوص شہر کراچی کا پرامن سیاسی و سماجی تشخص بحال کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام دیانت دار قیادت کا ساتھ دیں۔ 5 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں عوام اپنی ووٹ کے طاقت سے شہر کراچی کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں، اس کے لئے عوام کو خوف کے ماحول سے باہر نکل کر ووٹ کا حق استعمال کرنا ہوگا، جماعت اسلامی کے پاس 70سالہ کردار اور دیانتدار قیادت موجود ہے اور ہم نے اس شہر میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اپنے اسی کام کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات کو شہر کی تقدیر بدلنے کا ذریعہ بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی گزشتہ دہائیوں سے مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور اس شہر کو ہر حکمراں جماعت نے نظر انداز کیا ہے اور بلدیاتی عمل کو پھلنے پھولنے نہیں دیا گیا۔ جماعت اسلامی کراچی شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گی۔ امیر جماعت اسلامی نیو کراچی محمد احمد قاری نے کہا کہ شہر کراچی گزشتہ کئی برسوں سے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔

پانی، بجلی، ٹرانسپورٹ کے مسائل اور خستہ حال سڑکیں کراچی کی شناخت بن چکے ہیں۔ خصوصاً نیو کراچی اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، عوام نے برسہا برس جنہیں ووٹ دیا وہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور ناکام ہوچکے ہیں، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھا ہے، 5 دسمبر کو اہلیان کراچی جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کروا کر اس شہر کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ”محفل حسن قرآت” میں قاری نصیر حسین شاہ، قاری انعام الحسن، قاری امجد، قاری شاہد محمود، مولانا آفتاب احمد ملک اور مولانا نسیم خان و دیگر نے قرآت پیش کیں۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320