پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کی فنڈز سے محروم رکھنے پر احتجاج کی دھمکی

Punjab Assembly

Punjab Assembly

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق اور جماعت اسلامی پر مشتمل متحدہ اپوزیشن نے مشاورت کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی اپنی قیادت کو قائل کریں گے کہ جس طرح پنجاب اسمبلی کے اندر اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ہے، قومی سطح پر بھی ایسا ہی گرینڈ الائنس بنایا جائے۔

متحدہ اپوزیشن نے حکومتی ارکان کو پچیس پچیس کروڑ کے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے پر شدید احتجاج کیا۔ اپوزیشن قیادت کا کہنا تھا کہ یا تو فنڈز بلدیاتی اداروں کے ذریعے خرچ ہوں ورنہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے۔

اپوزیشن کو فنڈز سے محروم رکھنے پر پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ اور عدالت جانے کی بھی دھمکی دیدی گئی۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ کسانوں کے لئے جس پیکج کا اعلان وزیر اعظم نے کیا پنجاب کے حصے کے انہی فنڈز کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کی طرف سے بھی کسان پیکج کا نام دیکر اناؤنس کر دیا ہے۔