پنجاب کے کئی شہروں میں ہلکی بارش سے موسم تبدیل

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) وادی نیلم کے پہاڑوں پر رات بھر برف پڑنے سے سردی نے مزید زورپکڑ لیا ،دوسری طرف لاہور، ساہیوال، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ حافظ آباد اور گجرات سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ہلکی بارش نے موسم کو ایک دم تبدیل کردیا ، جس پر لاہور کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا،جنہیں اسموگ ختم ہونے کی امیدہوگئی ہے۔

پنجاب میں حافظ آباد میں بادل گرجنےاور زوروں سے برسے، تو سب جل تھل ایک ہوگیا اورسردی میں اضافہ ہوگیا ، ادھر گجرات اور میانوالی میں بھی صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

جبکہ بالائی علاقوں میں بھی سردی بڑھ گئی وادی نیلم کی بالائی وادی کے علاقے گریز میں رات بھر برف باری جاری رہی، جس کے بعد یخ بستہ ہواؤں نے موسم کو مزید ٹھنڈا کردیا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہے گا۔

تاہم کوہاٹ، بنوں ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور ، سرگودھا ، فیصل آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔