پنجاب: ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار تک پہنچ گئی

Dengue Patients

Dengue Patients

راولپنڈی (جیوڈیسک) پنجاب میں انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ڈینگی کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات بے سود ثابت ہو رہے ہیں، مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چار ہزار کے لگ بھگ پہنچ گئی ہے۔

راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 50 افراد قاتل مچھر کا شکار ہو گئے، مریضوں کی مجموعی تعداد تین ہزار سات سو نوے تک پہنچ گئی۔

رواں برس ڈینگی متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد تین ہزار سات سو نوے تک پہنچ گئی ہے، مریضوں میں زیادہ تر راولپنڈی کنٹونمنٹ، چکلالہ، راول اور پوٹھو ہار ٹاؤن سے لایا جا رہا ہے، رواں برس ڈینگی وائرس سے متاثرہ دس مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف ملتان اور گرد و نواح میں ڈینگی پرقابو پانے کے لیے ضلع انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ٹیمیں تشکیل دینے کے باوجود بھی اس میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے جس سے ڈینگی کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 349 سے بڑھ کر 354 تک جا پہنچی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہی ہو رہا ہے جبکہ شہر کے 18 سوسے زائد مختلف مقامات پر سے ڈینگی کا لاروا بھی ملا ہے جس سے صورتحال مزید سنگین ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔