2017 کے اختتام تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہوجائیں گے :شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2017ء کے اختتام تک توانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہوجائیں گے ، ملک سے نہ صرف توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا بلکہ سستی بجلی عوام کو ملے گی۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں توانائی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں توانائی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے حکومتی کاوشیں بارآور ثابت ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے کارخانے لگانے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہوں گی۔ چیئرمین واپڈا نے وزیر اعلیٰ کو ہائیڈرو پراجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔