پنجاب حکومت نے بلدیاتی ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا

Ballot Paper

Ballot Paper

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے بلدیاتی ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا، صوبے میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، بیلٹ پیپرز کی تعداد چھ سے کم کرکے دو کردی گئی۔

پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کی مشاورت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا ہے۔ ترمیمی آرڈیننس 2015 کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتیں اورآزاد امیدوار دونوں حصہ لے سکیں گے ، سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو ان کی جماعتوں کے انتخابی نشان ملیں گے جبکہ آزاد امیدواروں کو دیگر انتخابی نشان ملیں گے ۔ ترمیمی آرڈیننس کے مطابق چئیرمین وائس چئیرمین مشترکہ طورپر الیکشن لڑیں گے ، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی تعداد چھ سے کم کرکے دو کر دی گئی ہے۔

ہر ووٹر کو دو بیلٹ پیپر دئیے جائیں گے۔ ایک بیلٹ پیپر چئیرمین وائس چئیرمین اور دوسرا جنرل کونسلر کے لئے ہوگا۔ سپیشل سیٹوں کاانتخاب ان ڈائریکٹ ہوگا۔

خواتین ، مزدور، اقلیت اور نوجوانوں کا سپیشل سیٹوں پر انتخاب ہوگا۔ سپیشل سیٹوں پر امیدواروں کاانتخاب چئیرمین وائس چئیرمین اور منتخب کونسلرز کریں گے۔