پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش سے موسم خوشگوار، سندھ بلوچستان میں بدستورشدید گرمی

Good Weather

Good Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جب کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید گرمی کے بعد برسنے والے ابر کرم سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ہزارہ ڈویژن، پشاور، مالاکنڈ، مردان ، بنوں، کوہاٹ ، ڈیرہ غازی خان ، ڈیرہ اسماعیل خان، فاٹا، گلگت بلتستان، اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جب کہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب ، خیبرپختون خوا فاٹا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

دوسری جانب سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر حصے گرمی کی لپیٹ میں ہیں، سب سے زیادہ درجہ حرارت سکھر میں ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں صبح 11 بجے تک درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ بہاولپور اور رحیم یار خان میں 40، ڈیرہ غازی خان اور کوٹ ادو 39، بھکر، جھنگ، موہنجودڑو اور ملتان میں 38، بہاولنگر، نورپورتھل، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں درجہ حرارت 37 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے۔

کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کی وجہ سے سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے، شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم سمندر سے چلنے والی ہوائیں اس گرمی کے اثر کو کم کرتی رہیں گی۔