پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، حادثات میں چار افراد جاں بحق

Car Accident

Car Accident

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند نے ایک بار پھر سب کچھ دھندلا دیا۔ موٹروے کو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا۔ حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے مسافر رل گئے۔ لاہور ایئرپورٹ میں پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا جس کے باعث کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

دھند کے باعث حادثات میں چار افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ سنتالیس افراد زخمی ہوئے۔ لاہور سے چشتیاں جانے والی باراتیوں کی بس پتوکی روڈ پر الٹنے سے ایک خاتون جاں بحق اور پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔

شیخوپورہ کے قریب دو حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ بارہ افراد زخمی ہوئے جبکہ سکھیکی کے قریب بھی ٹرک اور مسافر کوچ کے درمیان تصادم میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوئے۔

دھند کی وجہ سے موٹروے کو لاہور سے شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور گوجرہ تک بند کر دیا گیا۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو فوگ لائٹس اور جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

نیشنل ہائی پر بھی دھند کا راج رہا۔ پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان میں حدِنگاہ صفر رہی جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

دھند کے باعث لاہور سے چشتیاں جانے والی باراتیوں کی بس ملتان روڈ پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔ شیخوپورہ کے قریب جوییانوالا موڑ پر آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے دو بھائی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔