حکومت پنجاب کی وجہ سے تین سال عوام سے دور رہا، سردار حاجی عبدالمجید خان نیازی

Fatehpur Layyah News

Fatehpur Layyah News

فتح پور (شاہد محمود) حکومت پنجاب کی وجہ سے تین سال عوام سے دور رہا ، ایم پی اے منتخب ہونے کے بعد حکومت نے ہمیں کوئی فنڈز نہیں دئیے جس کی وجہ سے عوام میں نہیں آ سکا ،اب عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا وقت آن پہنچا ہے ، اپنے ذاتی سرمائے سے غریب ، یتیم ،مسکین بہنوں اور بیٹیوں کی شادیو ں کے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے ، ابھی تو آغاز ہے ، جون تک پانچ سو بچیوں کی شادیوں کے پروگرام کو مکمل کیا جائے گا ، فتح پور ،کروڑ میں فری پرائیویٹ 1122 ایمبو لینس سروس، اور عوام کو فری بس سروس کی سہولت کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا ، 60 سال سے اقتدار پر برا جمان مقامی نمائندے، سات وزارتوں اور متعدد ادوار میں ایم پی اے شپ ، ضلعی نظامت کے 14سال کے مزے لوٹنے والوں نے عوام کو لوٹنے کے سواء کچھ نہیں دیا ، تبدیلی کا وقت آن پہنچا ہے ، عوام کی بہتر اور بے لوث خدمت کرنے والوں کو منتخب کریں ،،انشاء اللہ آئندہ حلقہ این اے 181 میں بھی بطور ایم این اے حصہ لوں گا ، اور اسی طرح عوام کے بے لوث خدمت کے سلسلہ کو جاری رکھوں گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ کے ایم پی اے سردار حاجی عبدالمجید خان نیازی نے 50بچیوں کی اپنے سرمائے سے اجتماعی شادیوں کی تقریب کے موقع پر کیا ، تفصیل کے مطابق ایم پی اے سردار حاجی عبدالمجید خان نیازی کی طرف سے فتح پور اور اس کی ملحقہ یونین کونسل کی 50بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میلاد گرائونڈ فتح پور میں منعقد ہو ئی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے نے کہا کہ حکومت پنجاب پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ، تین سال سے ہمیں فنڈز سے محروم رکھا گیا ہے ، اس لئے عوام سے دور رہا ، جب کہ ہمارے حصہ کا فنڈز شکست کھانے والوں کو دیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ عوام نے مجھے منتخب کیا اور مجھے منتخب کرنے کی سزا عوام کو فنڈز سے محروم رکھ کر دی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں کی۔

کسی کے خلاف ناجائز مقدمات نہیں بنوائے ، میں غریب عوام کا ساتھ دیتا ہوں اور اس کی پاداش پر مجھ پر 14ناجائز ایف آئی آر بنوا دی گئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک احمد علی اولکھ سات وزارتوں پر فائز رہا اور پانچ سالہ اقتدار کے مزے لوٹے ،اس نے اس دوران حلقہ کے بے روزگار نوجوانوں کو نوکریوں سے محروم رکھا، انہوں نے کہا کہ 60سال سے سیاست پر قابض نمائندوں نے عوام سے ووٹ لے کر آقائوں کو خوش کر کے خود مفادات اٹھاتے رہے ، اور علاقے کو ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا اور اپنے ناجائز اثاثہ جات میں اضافہ کیا ، انہوں نے کہا کہ لیہ کے کسی نمائندے کو آج تک ہمت نہیں ہوئی کہ سیاسی اور اپنے ذاتی سرمائے سے کسی بچی کی رخصتی ہی کرس سکیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران میرا عوام سے وعدہ تھا کہ میں اپنے حلقے کی غریب،یتیم ، مسکین ،نادار بچیوں کی شادیوں کا سلسلہ شروع کروں گا، انشاء اللہ حکومت کی طرف سے مجھ کچھ نہیں ملا ،لیکن اپنے سرمائے سے عوام کی خدمت اور اپنے وعدوں کی تکمیل کا وقت آن پہنچا ہے۔

ابھی تو عوام کی خدمت کا آغاز ہے ، میں اپنی جائیداد فروخت کر کے بچیوں کی شادیوں کے سلسلہ کا آغاز کردیا ،جس کا پہلا فیز آج مکمل ہوا ،انشاء اللہ 5دسمبر کو کروڑ لعل عسین میں 300بچیوں کی شادیاں کرانے کا اعلان کرتا ہوں ، عیدالضحیٰ کے موقع پر فتح پور اور کروڑ لعل عسین میں دو فری پرائیویٹ ایمبو لینس ریسکیو سروس شروع کر رہاہوں جس میں فرسٹ ایڈ کی تمام تر سہولیات میسر ہوں گی ، جون 2017تک فری بس سروس کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، حلقہ 263پی پی میں بھی 50بچیوں کی شادی ، تحصیل چوبارہ میں 50بچیوں کی شادیوں کو سر انجام دوں گا ،اور جون 2017تک 500بچیوں کی شادی کے پراجیکٹ کومکمل کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ ابھی تو آغاز ہے ، انشاء اللہ جس طرح عوام نے مجھے محبت دی اسی طرح عوام کی بے لوث خدمت کے سلسلہ کو جاری رکھوں گا۔

میری سیاست کا آغاز پی ٹی آئی سے ہوا ہے اور پی ٹی آئی میں ہی رہوں گا ،عوام کی اس محبت ،خلوص پر آئندہ حلقہ این اے 181سے بطور ایم این اے حصہ لوں گا ،اور عوام کی بے لوث خدمت کا سلسلہ اسی طرح جاری و ساری رہے گا ، میں اسی دھرتی کا ہوں اور اس دھرتی کی غریب عوام کے لئے اپنی جان قربان کردوں گا ،میرا مقابلہ امیروں سے ہے جو غریب کو چیو نٹیوں کی طرح مسل کر رکھ دینے کے عادی ہیں ،اب ان کی عادات ختم کر کے ان کو مسل کر رکھنا ہے ، اور غریب عوام کے تعاون سے ان کو مسل کر رکھ دوں گا ، اس موقع پر کے پی کے کے وزیر مال سردار علی امین گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت فرعون بنی ہوئی ہے ، کے پی کے میں ہم نے اپوزیشن کو بھی بلا تفریق فنڈز فراہم کئے وفاق،سینیٹ ،پنجاب میں حکمران پی ٹی آئی کے فنڈز روکے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار ملک سے پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک کے بینکوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، یہ پیسہ عوام کا ہے اور ان حکمرانوں سے یہ پیسہ ہم وصول کر یں گے، انہوں نے کہا کہ ان سے جان چھڑانے کا وقت آن پہنچا ہے ، عمران خان میرٹ پر فیصلے کرتا ہے وہ اپنے لئے نہیں عوام کی خدمت کے لئے عوام سے پیسا اکھٹا کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی پہنچانا ہوتا ہے ، ملکی وسائل کو لوٹنا نہیں ہوتا ، اب انصاف مارچ کا وقت آگیا ہے ، عوا م عمران خان کا ساتھ دیں ،انشاء اللہ ان سے لوٹا ہوا پیسہ نکلوائیں گے، محترمہ زرتاج گل رہنما پی ٹی آئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہوں نے جنوبی پنجاب کو ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا ہوا ہے ، یہاں سے سرمایہ لوٹ کر لاہور میں جنگلہ بسوں پر لگایا جا رہا ہے۔

یہاں کے نمائندے سادہ لوح عوام کو بیوقوف بنا کر ووٹ حاصل کر کے تخت لاہور کے حکمرانوں کی خاشامدوں میں مصروف رہتے ہیں، اور عوام کے مسائل کی آواز اٹھانے کی بجائے ان کے تلوے چاٹتے رہتے ہیں، ان نمائندوں سے جان چھڑانے کا وقت آن پہنچا ہے ، اس کے لئے پی ٹی آئی کی قیادت کو سپورٹ کریں، انشاء اللہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کا حق دلائے گی ،عون عباس بپی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخت لاہور والوں کو کیا پتہ کہ غریب کاشتکار کس طرح اپنا وقت گزار رہا ہے ،غریب کاشتکار اپنی بچی کی شادی کے لئے قرضوں میں جکڑ ا رہتا ہے ، مجید نیازی نے لیہ کی تاریخ میں تبدیلی کی بنیادی رکھ دی ، اصل زندگی عوام کی بے لوث خدمت ہوتی ہے اور اس کا بیڑہ ایم پی اے مجید نیازی نے اٹھا لیا ہے ، اس کا ساتھ دیں ،انشاء اللہ یہ آپ سے کندھے سے کندھا ملا کر چلے گا۔

علامہ افتخار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصل زندگی اللہ کی رضا کی خاطر جینا ہے ، ایم پی اے مجید خان نیازی نے اپنے والد مرحوم سردار عبدالواحد خان نیازی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بچیوں کی شادیوں کا جو سلسلہ شروع کیا ہے ، وہ قابل ستائش ہے ، انہوں نے کہا کہ اس غربت ،بے روزگاری ،مہنگائی کے دور میں والدین کے لئے بچیوں کی شادیاں کرنا انتہائی مشکل مرحلہ ہے ، جس کے لئے وہ اپنی ساری زندگی قرض کی دلدل میں جکڑا رہتا ہے ، ایک ایسا طبقہ ہے جو ووٹوں سے اقتدار میں آتے ہیں اور ان کو جھوٹے دلاسے دلا کر مال بنانے میں مصروف رہتے ہیں،عوام کا خون چوستے ہیں، عوام کا خون چوس کر غیر ملکی بینکوں میں جا کر سرمایہ کاری کرتے ہیں، 65سال سے یہی سلسلہ چلتا آ رہا ہے ، ان کو عوام کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں ہے۔

ضلعی صدر چوہدری یاسر عرفات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجید نیازی ایم پی اے کی شکل میں حلقہ کی عوام کو ایک ایسا لیڈر ملا ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھنے والا ہے ، عوام کی بے لوث خدمت کرنے والے نے آج اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا آغاز کر دیا ہے ، انشاء اللہ مجید نیازی کی اس عوامی خدمت کے سلسلے کا دائرہ کار مزید بڑھتا جائے گا ، اس موقع پر تحصیل صدر رانا عثمان سمیت دیگر مقرر ین نے بھی خطاب کیا ،اس موقع پر سابق ایم پی اے چوہدری الطاف حسین ،سید غوث شاہ گیلانی ، چوہدری شوکت گجر ، چوہدری محمد شفیق رندھاوا چیئر مین یوسی نوشہرہ تھل کلاں، ڈاکٹر محمد اعظم وڑائچ ، میاں بابر صغر رہنما پی ٹی آئی ساہیوال ، طیب چوہدری انصاف ٹائیگر فورس صدر جنوبی پنجاب، صدر تحصیل بارکر وڑ سردار ذوالفقار علی خان سہیڑ، جنرل سیکر ٹری منیر ناوڑاسمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔