قلات سے تین لاشیں برآمد، ’ڈیڑھ سال قبل ہلاک کیا گیا‘

Balochistan Police

Balochistan Police

بلوچستان (جیوڈیسک) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات سے تین افراد کے ڈھانچے ملے ہیں جن کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ ان کو ڈیڑھ سال قبل ہلاک کیا گیا۔ تینوں افراد کے ڈھانچوں کو بدھ کی شام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر قلات منتقل کیا گیا۔

قلات میں انتظامیہ کے ذرائع نے تین انسانوں کے ڈھانچوں کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں پارود کے علاقے میں لاشوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ذرائع کے مطابق جب لیویز فورس کے اہلکار وہاں پہنچے تو انھیں وہاں سے تین انسانی ڈھانچے ملے۔

ان ڈھانچوں کو پوسٹ مارٹم اور شناخت کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قلات منتقل کیا گیا جہاں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق ان کے رشتہ داروں نے ان کو ان کے کپڑوں سے شناخت کر لیا۔

انتظامیہ کے ذرائع نے ہسپتال کے ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا کہ تینوں افراد کو ڈیڑھ سال قبل ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشیں عارضی طور پر پارود کے علاقے میں دفن کی گئی تھیں۔

انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کا تعلق قلات ہی کے مقامی قبائل سے تھا جن کو دو ڈھائی سال قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔

ان افراد کے اغوا اور ان کو ہلاک کر نے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔