کوئٹہ حملہ، 61 اہلکاروں کی شہادت پر ہر آنکھ اشکبار، ملک بھر میں سوگ

Quetta Attack Mourning

Quetta Attack Mourning

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردی کے المناک سانحے کے بعد شہر میں سوگ منایا جا رہا ہے۔ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے، انجمن تاجران کی جانب سے شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔

سانحہ کی وجہ سے پورے شہر میں سوگ کی کیفیت ہے ۔ بلوچستان بھر کی عدالتوں میں پاکستان بار کونسل کی اپیل پرعدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔

تمام سرکاری اسکول مکمل بند جبکہ کئی نجی اسکول بھی بند ہیں۔ بازار بند اور ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔ سانحہ کے بعد شہر میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کے نتیجے میں 61 اہلکار شہید جبکہ 117 زخمی ہیں۔