کوئٹہ دھماکہ: وزیر اعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

Political Leaders

Political Leaders

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیرداخلہ، اپوزیشن لیڈر اور وزیراعلی بلوچستان سمیت دیگر رہنماؤں کی جانب سے بلوچستان بار کونسل کے صدر کے قتل اور سول اسپتال دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف سمیت مختلف سیاسی رہنماوں نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ وزیر وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے افسوسناک خود کش حملے کی وزیر اعظم نواز شریف سمیت صدر پاکستان ممنون حسین ، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، خورشید شاہ ،سابق صدر آصف زرداری ، بلاول بھٹو ،عمران خان ، سینیٹر سراج الحق ،سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچستان سمیت سیاسی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے اور اس افسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی سخت مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام ، فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا، کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نے وکلاء برادری اور سول سوسائٹی کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے بڑی قربانیاں دے کر صوبے میں امن قائم کیا ہے ۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور وکلا اور سول سوسائٹی کے ارکان کی سکیورٹی موثر بنائی جائے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے بلال انور کاسی کے قتل اور سول اسپتال میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جب کہ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ بزدلانہ واقعہ ہے ،ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سول اسپتال کوئٹہ دھماکے میں بڑی تعداد میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہائیوں سے بد ترین دہشت گردی کا شکار ہیں، شیطانی عمل کے پیچھے ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال اکبر کاسی کا قتل اور دھماکہ ایک ہی منصوبے کا حصہ تھے، وفاقی حکومت دہشت گردی سے بھاری جانی نقصان کے باوجود ایسے واقعات پر توجہ نہیں دے رہی۔