کوئٹہ : مشرقی بائی پاس کے قریب دھماکہ، پانچ پولیس اہلکار زخمی

Bomb Attack

Bomb Attack

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں آر آر جی کے اہلکاروں کے قافلے کے قریب دھماکہ، دھماکے میں 5 اہلکار زخمی ہو گئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے میں 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے قریب قاسم لائن سے 100 گز کے فاصلے پر اس وقت ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کیا گیا جب آر آر جی اہلکاروں کی دو گاڑیاں یہاں سے گزر رہی تھیں۔ دھماکہ میں 5 اہلکار رمضان، جاوید، لیاقت حسین، شاہنواز، طارق حسین زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر پہلے سول اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشن ندیم احمد نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھاکے میں 5 اہلکار زخمی ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے میں 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔